اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے پرہلاد مندر ملتان کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی ہے ۔
عدالت عظمی نے پرہلاد مندر ملتان کی فوری بحالی کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پرہلاد مندر کو جلد اصل حالت میں بحال کیا جائے۔ بدھ کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پرہلاد مندر ملتان کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔
دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ رپورٹ کے مطابق پرہلاد مندر کا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک ہے،رپورٹ کے مطابق مندر کا اوپر والا ڈھانچہ گر سکتا ہے۔
دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فیصل چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ پرہلاد مندر کی تعمیر کا کام متروکہ وقف املاک کرے گا،مندر کی تعمیر کے لیے رقم مختص کردی گئی ہے، مندر کی سکیورٹی کا مسئلہ بھی حل کر لیا گیا ہے۔دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ لاہور میں بیٹھ کر حکام خط و کتابت کرتے رہتے ہیں، چیف سیکرٹری پنجاب سے کہیں کہ ذرا دم پکڑیں، پرہلاد مندر کی بحالی کے کام کی نگرانی چیف سیکرٹری پنجاب خود کریں۔ عدالت عظمی نے پرہلاد مندر ملتان کی فوری بحالی کا حکم دیتے ہوئے معاملہ پر سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی ہے
فیس بک کمینٹ