ملتان۔یکم جون (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں کے اعلان کے بعدضلع ملتان میں 2013ءوالے حلقے بحال ہوگئے ہیں جس کے مطابق ملتان کے دوشہری اورچاردیہی حلقوں کے نمبراین اے 148سے لے کر این اے 153تک ہیں ۔نئی حلقہ بندیوں کااعلان ہوتے ہی مختلف سیاسی جماعتوں اورمتوقع امیدواروں نے سرگرمیاں شروع کردیں اور حلقہ بندیوں کے مطابق تیاریوں کاآغازکردیا ہے۔اب تک یہ امیدوار2018ءکی حلقہ بندیوں کے مطابق تیاریاں کررہے تھے تاہم اب انہوں نے نئے اندازمیں صف بندی شروع کردی ہے ۔معروف تجزیہ نگاراورسینئر صحافی مظہرجاویدنے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ نئی حلقہ بندیاں کس کے لئے نقصان دہ اورکس کے لئے مفید ہوں گی یہ کہنا ابھی قبل ازوقت ہے ۔ابھی تو ان حلقوں کی مناسب تشہیربھی نہیں ہوئی ۔
انہوں نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ نہ صرف یہ کہ الیکشن کمیشن بلکہ خودسیاسی جماعتیں بھی نئے حلقوں کی تشہیرکریں تاکہ علاقے کےلوگوں کو بھی معلوم ہوسکے کہ اب ان کے امیدوارکون ہوں گے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ اصل جوش وخروش انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد پیداہوگا۔
فیس بک کمینٹ