کراچی : کراچی کو بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کا سامنا ہے اور شہرکا 80 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔کے الیکٹرک کے 1900 میں سے 1400 فیڈر ٹرپ کرگئے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد،کلفٹن، ڈیفنس اور ایف بی ایریا کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔گلشن اقبال،گلستان جوہر،صدر اور ملیرکے علاقوں میں بھی بجلی بند ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ہائی ٹرانسمیشن لائن میں ٹرپنگ کی وجہ سے کراچی کو بجلی کی فراہمی معطل ہوئی اور سیکڑوں فیڈرز بند ہوگئے۔ کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈسےآنے والی 500 کے وی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی ہوئی ،جس سےکراچی اور سندھ کےبعض علاقوں میں بجلی معطل ہوئی، بجلی کی عدم فراہمی کی صورت حال پر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) سےرابطےمیں ہیں۔
ادھر حیسکو حکام کا کہنا ہے کہ حیسکو ریجن کے بھی 71 گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے ہیں، مٹیاری،جامشورو،ٹنڈو الہٰ یار،سانگھڑ ، ٹنڈو آدم ،بدین،تھرپارکر،ٹنڈو محمد خان اورکوٹری میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ جامشورو میں این ٹی ڈی سی کے یارڈ پر آسمانی بجلی گری ہے، جس کے باعث بجلی معطل ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق 500 کے وی(kv) کے یارڈ پر آسمانی بجلی گرنے سےحیسکو اور کے الیکٹرک کو فراہمی میں تعطل آیا ہے۔
ذرائع کا کہنا کے کہ جامشورومیں این ٹی ڈی سی کے یارڈ پر آسمانی بجلی گرنے سے سسٹم محفوظ رہا ہے۔اس حوالے سے پاور ڈویژن کا کہنا ہےکہ این ٹی ڈی سی سے کے الیکٹرک کو بجلی کی سپلائی مکمل بحال ہوگئی ہے اور آسمانی بجلی گرنے سے آنے والا تعطل دور کردیا گیا ہے۔ پاور ڈویژن کے مطابق این ٹی ڈی سی سے کے الیکٹرک کوپونے 5 بجے بجلی کی مکمل سپلائی بحال ہوچکی ہے،جامشوروکے سرکٹ پربجلی گرنے سے نیشنل گرڈ اور کے ای کا رابطہ منقطع ہوا۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ اضافی ہائی ٹینشن لائن میں ٹرپنگ سےکراچی میں بجلی کی فراہمی میں تعطل آیا، نیشنل گرڈ سے رابطہ بحال ہوگیا ہے،تمام ٹیمیں ہائی الرٹ پر رہتےہوئےبجلی کی بحالی میں کوشاں ہیں۔
( بشکریہ : جیو نیوز )