پسنی( نمائندہ گردوپیش ) گورنمنٹ ٹیچرز ایوسی ایشن مکران ڈویژن کے چیف آرگنائزر محمد اقبال بلوچ، جنرل سکریٹری مکران ڈویژن غلام یاسین بزنجو نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت فوری طورپر جونيئر کیڈر کے اساتذہ کی اپ گریڈیشن
کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔
انہوں نے کہا اساتذہ اپنے جائز حقوق کے لیے تادم مرگ بھوک ہڑتال پر مجبور ہوئے ہیں۔ حکومتی روئیے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشرہ کا وہ طبقہ آج ہڑتال پر ہے جن کا کام نسل نو کی تعليم و تربيت ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت وقت ضائع کیے بغیر اساتذہ کرام کے دیرینہ اور بنیادی مسائل کے حل میں سنجيدگی سے اپنا کردار ادا کرے۔ تمام جونيئر کیڈر کے اساتذہ کرام ، ہیڈ ماسٹر و ہیڈ مسٹریس کی غیر مشروط اپ گریڈیشن کا نوٹیفکیشن کیا جائے۔ ملک میں کمر توڑ مہنگائی کےتناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ جونيئر کیڈر کے اساتذہ کے اپگریڈیشن میں رکاوٹوں کو دور کیا جاٸے۔
2019 کے بعد بھرتی ہونے والے اساتذہ کے لیے ٹائم اسکیل کے خاتمے والےنوٹیفکشن کو فوری طورپر منسوخ کیا جائے۔بینول فنڈز کی پاليسی پر نظرثانی کرکےکٹوتی اور ادائيگيوں میں توازن قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم تعلیمی اداروں میں ہنگامی بنیادوں پر سہوليات کی فراہمی یقينی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ گورنمنٹ ٹیچرز ایوسی ایشن بلوچستان کے زیراہتمام اساتذہ گزشتہ ایک ہفتے سے بھوک ہڑتال پر ہیں، روز بروز ان کی طبيعت میں خرابی اور کمزوری نظر آرہی ہے جو کہ تشویشناک صورتحال ہے، صوبائی حکام اس اہم مسلے پر فوری طورپر توجہ دے کر اساتذہ کے جائز اور بنیادی مسائل حل کرنے میں سنجيدگی کا مظاہرہ کرے۔۔۔۔
فیس بک کمینٹ

