لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ملک کی تمام اسمبلیوں سے استعفے دینے کے عندیے کے بعد مسلم لیگ ن پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے متحرک ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب میں حکومت سازی کیلئے مشاورت شروع کردی گئی ہے، پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کی 372میں سے 167نشتیں ہیں جبکہ ایک اتحادی ان کے ساتھ ہے، اسی طرح پیپلزپارٹی کے پاس 7 نشستیں ہیں، اس طرح نشستیں 174 تک بن جاتی ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں پانچ آزاد امیدوار، مسلم لیگ ق کی دس نشتیں، راہ حق پارٹی ایک نشت کے ساتھ پی ٹی آئی کی اتحادی ہے یوں 180 نشستوں کے ساتھ پی ٹی آئی صوبے کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن پانچ آزاد اور ایک راہ حق پارٹی کی حمایت حاصل کرنے کے لیے متحرک ہوگئی ہے، ایسا ہونے کی صورت میں ن لیگ صوبے میں حکومت قائم کرسکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کے لئے مسلم لیگ ن کی قیادت اتحادیوں سے مشاورت کے بعد آزاد امیدواروں سے رابطے کرے گی۔
اُدھر مسلم لیگ ن کا دعویٰ ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام امیدواروں کی جانب سے استعفے نہیں دیئے جائیں گے یوں حکومت سازی کے لئے اپوزیشن مزید مضبوط ہوجائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اور سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی جاسکتی ہے، جس کے بعد ووٹنگ کیلئے اجلاس بلایا جائے گا۔دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی اور ن لیگ کے رہنما ملک احمد خان نے کہا ہے کہ مشاورت کے بعد آئندہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت ہوگی۔
بشکریہ ایکسپریس نیوز

