ممبئی : بالی و ڈ کے مقبول اداکار سلمان خان اور ان کے خاندان کو موت کی دھمکی ملنے کے بعد ان کی رہائش گاہ پر حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔اطلاع کے مطابق سلمان خان کے والد، کہانی نویس سلیم خان اتوار کے روز صبح معمول کے وقت اپنے مقررہ راستے پر چہل قدمی کے لیے نکلے اور باندرہ میں واقع اپنی محضوص بنچ پر بیٹھنے کے لیے آئے تو ان کے باڈی گارڈ کو بنچ پر رکھی ہوئی ایک پرچی ملی۔’
سلیم خان نے پرچی کو کھولا تو اس میں ایک پیغام لکھا ہوا تھا ۔مبینہ طور اس میں کسی نامعلوم شخص نے ہندی میں لکھا تھا کہ ’سلیم خان، سلمان خان بہت جلد آپ کا حال موسے والا ہو گا کے جی بی ایل بی ‘ یعنی سلمان خان اور سلیم خان بہت جلد آپ کا بھی وہی حشر ہونے والا ہے جو موسے والے کا ہوا ہے۔
سلیم خان نے اس دھمکی کے بارے میں ممبئی پولیس کو خبر دی اور باندرہ کے پولیس سٹیشن میں ایک رپورٹ درج کرائی گئی ہے ۔ پولیس نے سلیم خان کا بیان ریکارڈ کر لیا ہے۔
اس دوران ممبئی پولیس کے اہلکاروں نے پیر کو سلمان خان کی رہائش گاہ کا جائزہ لیا اور رہائشگاہ کے ارد گرد سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ سلمان خان کے والد نے ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے اسے ایک ’چھوٹا سا معاملہ` قرار دیا اور مزید کچھ کہنے سے انکار کر دیا۔
نامعلوم شخص کے خط میں گلوکار سدھو موسے والا کا ذکر ہےجنھیں انڈین پنجاب کے مانسا ضلع میں 29 مئی کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ان کے قتل میں مبینہ طور پر ایک مجرم گروہ کا ہاتھ بتایا جاتا ہے جس کا سرغنہ دلی کی تہاڑ جیل میں قید ہے۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اس گینگ نے مبینہ طور پر اداکار سلمان خان کو 2018 میں اس وقت مار دینے کی دھمکی دی تھی جب ہرنوں کے شکار کے مقدمے میں ان کے خلاف راجستھان کی جودھپور کی ایک عدالت میں مقدمہ چل رہا تھا۔حالیہ دھمکی کے بارے میں ممبئی پولیس کی طرف سے ابھی کوئی بیان نہیں آیا ہے۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )
فیس بک کمینٹ