Close Menu
  • مرکزی صفحہ
  • اہم خبریں
    • عالمی خبریں
    • تجزیے
  • English Section
  • ادب
    • لکھاری
    • مزاح
    • افسانے
    • شاعری
    • کتب نما
  • کالم
  • سائنس و ٹیکنالوجی
  • علاقائی رنگ
    • پنجاب
      • لاہور
      • اوکاڑہ
      • خانیوال
      • پاکپتن
      • چکوال
      • جہلم
      • اٹک
      • گوجرانوالا
      • سیالکوٹ
      • گجرات
      • قصور
      • فیصل آباد
      • راولپنڈی
      • نارووال
    • سرائیکی وسیب
      • ملتان
      • ڈی جی خان
      • رحیم یار خان
      • لیہ
      • میانوالی
      • جھنگ
      • بہاول پور
      • راجن پور
      • مظفر گڑھ
      • وہاڑی
      • بہاول نگر
    • سندھ
      • کراچی
    • بلوچستان
      • کوئٹہ
      • ہرنائی
    • خیبر پختونخوا
      • شانگلہ
    • گلگت بلتستان
    • کشمیر
  • کھیل
    • پاکستان سپر لیگ
    • کرکٹ ورلڈ کپ2019
  • تجارت
  • جہان نسواں
  • وڈیوز
    • لایئوٹی وی چینلز
Facebook X (Twitter)
بدھ, اپریل 22, 2026
  • پالیسی
  • رابطہ
Facebook X (Twitter) YouTube
GirdopeshGirdopesh
تازہ خبریں:
  • امن مذاکرات میں افسوس ناک تعطل : سید مجاہد علی کا تجزیہ
  • جنم ، قلم اور اظہار الم : غلام دستگیر چوہان کی یاد نگاری
  • اسلام آباد میں مذاکرات کی تیاریاں اور غیر یقینی صورتِ حال : جے ڈی وینس آج پاکستان روانہ ہوں گے
  • امن معاہدہ کی طرف بڑھتے ہوئے فریقین کی لاچاری : سید مجاہد علی کا تجزیہ
  • امریکا کی طرف سے آبنائے ہرمز میں ایرانی جہاز پر قبضے کا دعویٰ
  • تیل اور گیس کے نئے ذخائر : عوام کے چولہے پھر بھی ٹھنڈے : شہزاد عمران خان کی خصوصی رپورٹ
  • ایران کا ایٹم بم سے زیادہ طاقتور ہتھیار : ارشد بٹ ایڈووکیٹ کا تجزیہ
  • ناروے سے مفرور ، اسلام آباد میں امریکی نائب صدر کا استقبال کرنے پہنچ گیا : سید مجاہد علی تجزیہ
  • امن معاہد ہ کی امید، اندیشے اب بھی موجود ہیں : سید مجاہد علی کا تجزیہ
  • آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش : بھارتی آئل ٹینکر پر فائرنگ کےبعد واپس چلا گیا
  • مرکزی صفحہ
  • اہم خبریں
    • عالمی خبریں
    • تجزیے
  • English Section
  • ادب
    • لکھاری
    • مزاح
    • افسانے
    • شاعری
    • کتب نما
  • کالم
  • سائنس و ٹیکنالوجی
  • علاقائی رنگ
    • پنجاب
      • لاہور
      • اوکاڑہ
      • خانیوال
      • پاکپتن
      • چکوال
      • جہلم
      • اٹک
      • گوجرانوالا
      • سیالکوٹ
      • گجرات
      • قصور
      • فیصل آباد
      • راولپنڈی
      • نارووال
    • سرائیکی وسیب
      • ملتان
      • ڈی جی خان
      • رحیم یار خان
      • لیہ
      • میانوالی
      • جھنگ
      • بہاول پور
      • راجن پور
      • مظفر گڑھ
      • وہاڑی
      • بہاول نگر
    • سندھ
      • کراچی
    • بلوچستان
      • کوئٹہ
      • ہرنائی
    • خیبر پختونخوا
      • شانگلہ
    • گلگت بلتستان
    • کشمیر
  • کھیل
    • پاکستان سپر لیگ
    • کرکٹ ورلڈ کپ2019
  • تجارت
  • جہان نسواں
  • وڈیوز
    • لایئوٹی وی چینلز
GirdopeshGirdopesh
You are at:Home»لکھاری»شاکر حسین شاکر»یہ علم کا سودا ، یہ کتابیں یہ رسالے : کہتا ہوں سچ / شاکر حسین شاکر
شاکر حسین شاکر

یہ علم کا سودا ، یہ کتابیں یہ رسالے : کہتا ہوں سچ / شاکر حسین شاکر

ایڈیٹراکتوبر 21, 201712 Views
Facebook Twitter WhatsApp Email
columns of shakir hussain shakir
Share
Facebook Twitter WhatsApp Email

مظفرگڑھ کے ایک جلسہ عام میں نامور شاعر و دانشور شعیب بن عزیز سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے مجھ سے پوچھاآج کل آپ کی کیا مصروفیت ہے؟ جس کے جواب میں مَیں نے کہا شعیب بھائی وہی مصروفیت ہے جس کو چھوڑ کر آپ نے سیاست کی نوکری کر لی ہے۔ تو وہ کہنے لگے یعنی
یہ علم کا سودا، یہ کتابیں یہ رسالے
اِک شخص کی یادوں کو بھلانے کے لیے ہے
مَیں نے کہا جی! آپ نے جو کام ادھورا چھوڑا تھا اُسی کام کو مکمل کرنے کے واسطے اپنے آپ کو مصروف رکھا ہوا ہے۔ کہ اس کام کے پس منظر میں بہت سی یادیں میرے ساتھ زندہ رہتی ہیں۔احمد فراز نے بھی تو انہی لمحوں کے لیے کہا تھا:
وہ جو سرگشتہ سے پھرتے ہیں کتابوں والے
ان سے مَت مِل انہیں روگ ہیں خوابوں والے
شعیب بن عزیز سے مختصر سی ملاقات نے کتابوں کے حوالے سے بہت سی یادوں کو تازہ کر دیا۔ رہی سہی کسر برادرم خالد مسعود خان کے کتابوں والے کالم نے پوری کر دی۔ جس میں کتابوں کے حوالے سے اپنی بچپن کی کہانیوں کو اس طرح یاد کیا کہ مجھے یوں محسوس ہوا وہ اپنی نہیں بلکہ میری کہانیوں کو تازہ کر رہے ہیں۔
کتابوں سے عشق نے مجھے کہیں کا نہ چھوڑا۔ اس عشق نے ہمیں کسی اور سے عشق نہ کرنے دیا۔ جب کہیں اچھا شعر، اچھی غزل اور خوبصورت نثر پڑھی ہم لکھنے والے کے عشق میں مبتلا ہو گئے۔ اس عشق کا آغاز سب پڑھنے والوں کی طرح بچوں کی کہانیاں اور رسائل خریدنے سے ہوا۔ سال میں جب بھی کبھی لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد (میری ماں جی آج بھی اسے لائل پور کہتی ہیں) جانا ہوتا تو جیب میں اتنے پیسے نہ ہوتے کہ نئی کتابیں خرید سکتا۔ پرانی کتابوں کی دکانوں کو تلاش کرتا اور کم پیسوں میں زیادہ کتب لے کر آ جاتا۔
کتابوں سے محبت کا یہ سفر آج بھی جاری ہے۔ چند ماہ پہلے کی بات ہے کہ فیس بک پر ایک تصویر دیکھی۔ ہاتھ دل پر چلا گیا۔ وہ تصویر مال روڈ لاہور کے فیروز سنز کی تھی جس پر ایک بینر لکھا تھا ”کرایہ کے لیے خالی ہے“۔
مَیں نے اُردو بازار لاہور رابطہ کیا تو معلوم ہوا واقعی فیروز سنز مال روڈ لاہور ختم ہو چکا تھا۔ میری لاہور میں پسندیدہ جگہ پر اب کیا کھل چکا ہے یہ دیکھنے کی آج تک ہمت نہیں ہوئی۔ اس کے علاوہ کتابوں کے حوالے ملتان کینٹ کے وقار میں اضافہ کرنے والی دکان ’کاروان بک سنٹر‘ بھی ایک کھلونوں کی دکان میں تبدیل ہو چکی ہے۔ محمد عمر خان (اﷲ تعالیٰ انہیں صحت والی زندگی عطا کرے) نے یہ دکان کھول کر نہ صرف اہلِ ملتان کو جنرل کتب پڑھنے کے لیے دیں بلکہ انہوں نے ملتان کے اہلِ قلم کی تخلیقات کو خوبصورت و معیاری انداز میں شائع کر کے پوری دنیا سے متعارف کرایا۔
میرے دیکھتے دیکھتے میری یہ دونوں محبتیں تبدیل ہوگئیں۔ اسی خوف سے ہم نے تمام زندگی کسی سے محبت نہ کی کہ محبت سے زیادہ بے وفا کوئی چیز نہ ہے۔ وہ جو ہم نے کالم کے آغاز میں لکھا تھا احمد فراز کا شعر اس نے بھی ہمیں تمام زندگی کسی کے قریب نہ ہونے دیا۔ بات ہو رہی تھی کتابوں کی دکانوں کے بند ہونے کی۔ یہ کام سب سے پہلے کراچی میں شروع ہوا۔ پھر یہ وبا پھیلتے ہوئے پورے ملک میں آ گئی۔ اب تازہ ترین صورت حال یہ ہے کہ ہر شہر میں راتوں رات شاپنگ مال بنتے ہیں۔ پہلے نمبر پر فوڈ چین۔ دوسرے نمبر پر گارمنٹس کے برانڈز، تیسرے نمبر پر شوز کی دکانیں جبکہ کتابوں کا نام و نشان کہیں پر نہ ہے۔ مَیں سوچتا ہوں کہ جب مَیں نے کالج میں داخلہ لیا تو کلاس سے فارغ ہو کر سیدھا لائبریری کا رُخ کرتا تھا۔ پروین شاکر کی خوشبو، ممتاز مفتی کی لبیک، شفیق الرحمن کی حماقتیں اور مختار مسعود کی آواز دوست تو مَیں نے کالج کی لائبریری میں بیٹھ کر پڑھیں۔ آج جب مَیں اپنے بچوں کو دیکھتا ہوں تو افسوس ہوتا ہے کہ ان میں کوئی بھی کتابوں کو ہاتھ نہیں لگاتا۔ صبح جب گھر میں اخبارات آتے ہیں ان کو صرف مَیں ہی پڑھتا ہوں۔ میری ذاتی لائبریری کی جتنی کتابیں ہیں میرے گھر میں صرف وہی میری زبان جانتی ہیں۔ میری آنکھیں پہچانتی ہیں۔ میرے ہاتھ جب ان سے مٹی جھاڑتے ہیں تو وہ کتابیں بولتی ہیں، چمک اٹھتی ہیں، خوش ہوتی ہیں۔ مَیں ان کو اپنے بیڈ روم میں لاتا ہوں جہاں میری اہلیہ ان کو دیکھ کر بھڑک اٹھتی ہے اور کہہ اٹھتی ہے ”میرے کمرے میں کتابوں کے سوا کچھ بھی نہیں۔“
مَیں اسے جواب دیتا ہوں کہ یہ کتابیں میری زندگی ہیں۔ میری آتی جاتی سانسیں ہیں۔ ان کو دیکھ کر مَیں جی اٹھتا ہوں اسی لیے تو میرے پسندیدہ شاعر جو ایلیا نے کہا تھا:
تم جب آؤ گی تو کھویا ہوا پاؤ گی مجھے
میری تنہائی میں خوابوں کے سوا کچھ بھی نہیں
میرے کمرے کو سجانے کی تمنا ہے تمہیں
میرے کمرے میں کتابوں کے سوا کچھ بھی نہیں
اِن کتابوں نے بڑا ظلم کیا ہے مجھ پر
اِن میں اِک رمز ہے جس رمز کا مارا ہوا ذہن
مژدہ¿ عشرتِ انجام نہیں پا سکتا
زندگی میں کبھی آرام نہیں پا سکتا
بقول جون ایلیا ”زندگی میں کبھی آرام نہیں پا سکتا“۔ میرا تو اب جینا مرنا انہی کتابوں میں ہے۔ دکھی ہوتا ہوں تو مشتاق احمد یوسفی کی کتب میرے سرہانے ہوتی ہیں۔ شاعری کے لیے احمد فراز کے آٹوگراف والی کتابیں زیست کا سفر آسان کرتی ہیں۔ بانو قدسیہ اور اشفاق احمد کی اپنی کتابوں کے تحفے تو میری زندگی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ محترم رضا علی عابدی کے لکھے لفظ مجھے مزید جینے پر مجبور کرتے ہیں۔ جناب مستنصر حسین تارڑ ہوں یا ممتاز مفتی، قرة العین حیدر کی نثر نے مجھے کہیں اور جانے نہ دیا۔ یہ لوگ ایسے لکھنے والے ہیں جنہوں نے اپنے لفظوں سے مجھے مسخر کیا۔ امجد اسلام امجد سے لے کر مجید امجد، ن۔م راشد، فیض، افتخار عارف اور منیر نیازی۔ یہ سب ہی میری زندگی میں آسانیوں کے سبب ہیں۔ ان سمیت سینکڑوں لکھنے والوں کی ہزاروں کتب کا مَیں مالک ہوں۔ اس ملکیت کے کہیں کھو جانے کا خوف بھی نہیں کیونکہ اپنے گھر میں اکیلا ہوں۔ جو اِن کتابوں سے باتیں کرتا ہوں۔ ان میں شائع ہونے والے لفظوں کو دیکھ کر میری آنکھیں سکون محسوس کرتی ہیں۔ کتابوں کے کاغذ کی خوشبو کی وجہ سے مَیں کوئی پرفیوم استعمال نہیں کرتا۔ بیگم سمیت سب گھر والے میری اس عادت سے تنگ ہیں۔ رات کو سوتے وقت کتاب پڑھتا ہوں۔ بیٹا موبائل فون پر مصروف ہوتا ہے۔ اہلیہ آئی پیڈ پر ڈرامہ دیکتھی ہے اور مَیں رات کو جب بستر پر نیم دراز ہوتا ہوں تو سوچتا ہوں میرے دور کی نئی نسل کتنی بدقسمت ہے جنہیں یہ معلوم ہی نہیں کہ میر، اقبال، فیض، فراز، اشفاق احمد، مشتاق احمد یوسفی، ن م راشد، مجید امجد، بانو قدسیہ، قرة العین حیدر، احمد مشتاق، عطاءالحق قاسمی، منیر نیازی، جون ایلیا، انور مسعود، تارڑ، مختار مسعود اور احمد ندیم قاسمی سمیت درجنوں لکھنے والوں نے کتنی نسلوں کو متاثر کیا۔ اگر مجھ میں کسی کو کوئی خوبی دکھائی دیتی ہے اس میں میرے والدین کی تربیت اپنی جگہ پر ہے لیکن میری اصل تربیت انہی کتابوں کے ذریعے ہوئی۔ اگر کسی کو مَیں پسند آتا ہوں تو کتابوں کا شکریہ اگر کسی کو مَیں اچھا نہیں لگتا تو اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ مجھ کو کتابوں پر ”ناز“ ہے۔

فیس بک کمینٹ

  • 0
    Facebook

  • 0
    Twitter

  • 0
    Facebook-messenger

  • 0
    Whatsapp

  • 0
    Email

  • 0
    Reddit

Share. Facebook Twitter WhatsApp Email
Previous Articleبیس اکتوبر : سید اصغر علی شاہ کی برسی ۔۔ پروفیسر سید ظفر عباس نقوی
Next Article اے عظیم سازشی تیرا شکریہ ۔۔ وسعت اللہ خان
ایڈیٹر
  • Website

Related Posts

امن مذاکرات میں افسوس ناک تعطل : سید مجاہد علی کا تجزیہ

اپریل 22, 2026

جنم ، قلم اور اظہار الم : غلام دستگیر چوہان کی یاد نگاری

اپریل 21, 2026

اسلام آباد میں مذاکرات کی تیاریاں اور غیر یقینی صورتِ حال : جے ڈی وینس آج پاکستان روانہ ہوں گے

اپریل 21, 2026
Leave A Reply

حالیہ پوسٹس
  • امن مذاکرات میں افسوس ناک تعطل : سید مجاہد علی کا تجزیہ اپریل 22, 2026
  • جنم ، قلم اور اظہار الم : غلام دستگیر چوہان کی یاد نگاری اپریل 21, 2026
  • اسلام آباد میں مذاکرات کی تیاریاں اور غیر یقینی صورتِ حال : جے ڈی وینس آج پاکستان روانہ ہوں گے اپریل 21, 2026
  • امن معاہدہ کی طرف بڑھتے ہوئے فریقین کی لاچاری : سید مجاہد علی کا تجزیہ اپریل 21, 2026
  • امریکا کی طرف سے آبنائے ہرمز میں ایرانی جہاز پر قبضے کا دعویٰ اپریل 20, 2026
زمرے
  • جہان نسواں / فنون لطیفہ
  • اختصاریئے
  • ادب
  • کالم
  • کتب نما
  • کھیل
  • علاقائی رنگ
  • اہم خبریں
  • مزاح
  • صنعت / تجارت / زراعت

kutab books english urdu girdopesh.com



kutab books english urdu girdopesh.com
کم قیمت میں انگریزی اور اردو کتب خریدنے کے لیے کلک کریں
Girdopesh
Facebook X (Twitter) YouTube
© 2026 جملہ حقوق بحق گردوپیش محفوظ ہیں

Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.