اسلام آباد:جوڈیشل کونسل آف پاکستان نے جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم کی سپریم کورٹ میں بطور ایڈہاک جج تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تقرری کے معاملے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں ایک سال کے لیے دونوں ججوں کے ناموں کی منظوری دی گئی۔یاد رہے پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایڈہاک ججوں کی تقرری کے لیے چار ریٹائرڈ ججوں، جسٹس (ر) مظہر عالم میاں خیل، جسٹس (ر) مشیر عالم، جسٹس (ر) مقبول باقر اور جسٹس (ر) طارق مسعود کے نام تجویز کیے ہیں تاہم ان میں سے مشیر عالم اور مقبول باقر نے پہلے ہی یہ ذمہ داری سنبھالنے سے معذرت کر لی تھی۔دورانِ اجلاس چاروں ناموں میں کسی نام پر اعتراض سامنے نہیں آیا۔ تاہم جسٹس منیب کا کہنا تھا کہ ’سب نام معتبر مگر ایڈ ہاک ججز کی تقرری اصولا نہیں ہونی چاہیے‘ باقی آٹھ ممبران کا کہنا تھا کہ ایڈہاک جج ہونے چاہییں۔
آٹھ ممبران کا اتفاق تھا کہ جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم اور جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے معذرت کی ہے لہذا ان کی تعیناتی کی بات ختم ہو گئی۔
دورانِ اجلاس آٹھ ججز نے جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود کے نام پر اتفاق کیا اور کہا کہ ان کی تعیناتی ایک سال کے لیے ہونی چاہیے۔آئین کے آرٹیکل 182 کے تحت چیف جسٹس کمیشن سے مشاورت اور صدر مملکت کی منظوری کے بعد ججز سے ایڈہاک ذمہ داریوں کی باضابطہ درخواست کریں گے۔
(بشکریہ:بی بی سی اردو)
فیس بک کمینٹ

