پہلے یہ جگہ اتنی آباد نہیں تھی ۔ دوچار مکان تھے اور ایک آدھ دکان تھی جہاں کبھی کبھار کوئی گاہک نظر آجاتا تھا ۔مگر اب کچھ عرصے سے وہاں لوگوں کی خاصی آمدورفت ہو گئی ہے اور اس کی وجہ ایک ایسا شخص ہے جس کے متعلق میں بعد میں آپ کو بتاؤں گا۔پہلے میں کچھ اپنے بارے میں بتا دوں ۔میں زیادہ تر اپنے گھر میں رہتا ہوں ، باہر نہیں نکلتا اور لوگوں کی بھیڑ بھاڑ میں جانا تو مجھے بالکل پسند نہیں ۔نہ جانے لوگ کس طرح ہجوم میں شامل ہوکر ہاؤ ہو کرتے ہیں، مجھےتو یہ بالکل جہالت لگتی ہے۔ویسے بھی میری ہئیت ایسی نہیں کہ میں زیادہ لوگوں میں خود کو سنبھال سکوں ۔ میں اگر کہیں دو سے زیادہ لوگوں میں پھنس جاؤں تو میرا سانس اکھڑنے لگتا ہےاور میں فوراً اُس جگہ سے پرے ہوجاتا ہوں۔میری ماں بتاتی ہے کہ میں شروع سے ہی ایسا ہوں، اُس نے کبھی مجھے دوسرے بچوں کے ساتھ گھر سے باہر کھیلنے نہیں بھیجا، اُس کا خیال تھا کہ بچے مجھے اپنے کھیل کے دوران پاؤں تلے روند ڈالیں گے۔ میرا سارا بچپن گھر میں ہی گزرا۔ جب بڑا ہوا تو ماں نے مجھے اسکول میں داخل کروانے کی کوشش کی، ایک آدھ مرتبہ مجھے ساتھ لے کر کسی اسکول میں بھی گئی مگر پھر راستے سے ہی واپس آگئی ۔شاید اسے اندازہ تھا کہ میں اسکول میں دوسرے بچوں کی طرح نہیں پڑھ پاؤں گایاپھر میرے ہم عمر بچے مجھے کھا ہی جائیں گے ۔
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ آخر مجھ میں ایسی کیا خرابی ہے کہ میں اسکول میں بھی داخلہ نہیں لے سکاتو سچی بات یہ ہے کہ میں نے کبھی خود کو کسی قابل ہی نہیں سمجھا۔ میری ماں کو اِس بات کا پوری طرح ادراک تھا اسی لیے وہ مجھے دنیا کی نظروں سے بچا کر رکھتی تھی بلکہ اب تو مجھے یوں لگتا ہے جیسے اُس نے کبھی کسی کو بتایا ہی نہیں تھاکہ دنیا میں میرا کوئی وجود ہے۔مجھے نہیں یاد پڑتا کہ میں ماں کے ساتھ کبھی کسی کو ملنے گیا ہوں گا۔ اسی لیے ماں کے مرنے کے بعد کوئی مجھے بھی ملنے نہیں آیااور میں نے اِس بات کا کسی سےگلہ بھی نہیں کیا کیونکہ اگر لوگ میرے گھر آتے یا مجھ سے گلے لگ کر رونے کی کوشش کرتے تو مجھے بے حد کوفت ہوتی۔ اگر کبھی اتفاق سے آئینے پر میری نظر پڑ جائے تو اپنی ہئیت دیکھ کر سوچتا ہوں کہ آخر قدرت نے مجھ سے کس بات کا انتقام لیا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ میں نے مدت سے آئینہ دیکھا ہی نہیں ، شاید بچپن میں ایک مرتبہ میری ماں نے ہی گود میں لے کر مجھے آئینہ دکھایا تھا ، اُس کے بعدنہ مجھ میں آئینہ دیکھنے کی ہمت ہوئی اور نہ ہی میری ماں نےیہ مناسب سمجھا۔ ویسے بھی آئینہ میرے قد سے بہت اونچا ہے ، میں چاہوں بھی تو اُس میں اپنی ہئیت، جس کا ذکر میں نے آپ سے کیا، نہیں دیکھ سکتا ۔ایک مرتبہ اتفاقاً مجھے کھڑکی کے شیشے میں اپنا عکس نظر آگیا ، روشنی کا زاویہ کچھ ایسا تھا کہ میری خود پرنظر پڑ گئی ، آپ یقین کریں کہ خود کو دیکھ کر خوفزدہ ہوگیا،مجھے لگا جیسے میں نے کوئی عجیب سی مخلوق دیکھ لی ہو،اُس دن کے بعد سے میں نے گھر سے باہر نکلنا بالکل ہی بند کردیا ۔بچپن میں اپنی ماں سے میں نے سنا تھا کہ جو لوگ میری طرح کے ہوتے ہیں انہیں قدرت کسی اور طرح نواز دیتی ہے ۔میں شاید اُن لوگوں میں سے ہوں جن پر قدرت کا کوئی اصول لاگو نہیں ہوتا۔
خیر، تو میں آپ کو بتا رہا تھا کہ جہاں میں رہتا ہوں وہاں اچانک کچھ عرصے سے لوگوں کا رش بڑھ گیا ہے اور اِس کی وجہ ایک ایسے شخص کی آمد ہے جو لوگوں کی داد رسی کرتا ہے۔ داد رسی کے لفظ سےشاید آپ کے ذہن میں کسی پیر فقیر کا تصور ابھرے جو لوگوں کو تعویذ وغیرہ دیتے ہیں مگر یہ شخص اُن جیسانہیں اور یہ بات میں اِس لیے بھی یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ میرے گھر کی کھڑکی سے اُس کا مکان صاف دکھائی دیتا ہے ۔میں دیکھتا ہوں کہ لوگ صبح سے اُس کے در پر آنا شروع ہوتے ہیں اور پھر رات گئے تک وہاں ہر قسم کے لوگوں کا تانتا بندھا رہتاہے۔ان میں ہر طرح کے لوگ ہوتے ہیں ۔ کوئی اُس سے اپنا روحانی علاج کرواتا ہے اور کوئی اُس سے مالی مدد کی درخواست کرتا ہے ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ میں نے ابھی تک کسی ضرورت مند کو اُس کے در سے مایوس لوٹتے نہیں دیکھا، وہ ہر کسی کی مدد کرتا ہے ، کسی کو پیسوں کی تنگی ہو تو اپنی جیب سے پیسے نکال کر دے دیتاہے اور کسی کا ذاتی مسئلہ ہو تو وہ بھی تسلی بخش طریقے سے حل کروا دیتا ہے۔جیسا کہ میں نے آپ کو بتایا کہ میں بھیڑ بھاڑبالکل پسند نہیں کرتا مگر اِس شخص کو دیکھ کر میں نے سوچا کہ اگر مجھ ایسا حقیر اور بے وقعت انسان اِس کے در پر جا کر مدد مانگے تو شاید یہ میری ہئیت بدل دے جس کے بعد میں بھی عام لوگوں کی طرح زندگی گزار سکوں۔ میں نے آج تک اپنے لیے انسان کا لفظ استعمال نہیں کیا، مجھ میں ہمت ہی نہیں کہ خود کو انسان کہہ سکوں ، انسان میری طرح نہیں ہوتے، میری طرح کے لوگ توبس کیڑے مکوڑے ہوتے ہیں ، اپنی ہئیت میں بھی اور صلاحیت میں بھی ۔یہی سوچ کر میں نے ایک روز ہمت کی اور اپنے گھر سے باہر نکلا، میرا خیال تھا کہ شاید لوگ مجھے دیکھ کر حیرت کا اظہار کریں گے مگر یہ میری غلط فہمی تھی ، کسی نے میری طرف آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھا۔ میں بدقت تمام چلتا ہوا اُس شخص کے در پر پر پہنچا ۔حسب معمول وہاں لوگوں کی بھیڑ تھی ، عموماً وہاں دھکم پیل نہیں ہوتی مگر اُس روز کچھ زیادہ ہی ہنگامہ تھا۔ ہر کسی کی خواہش تھی کہ وہ سب سے پہلے اُس شخص سے اپنا مسئلہ حل کروائے۔ مجھے کوئی جلدی نہیں تھی البتہ میں خوفزدہ ضرور تھا کہ کہیں میں مجھے کوئی پیروں تلے روندنہ دے ۔میں ایک کونے میں لگ کر بیٹھ گیا اور انتظار کرنے لگا کہ کب یہ بھیڑ چھٹے اور میں اُس شخص سے تنہائی میں اپنا مدعا بیان کروں۔ بالآخر رات گئے آخری سائل وہاں سے رخصت ہوا تو میں نے شکر کیا۔ میں فوراً اپنی جگہ سے اٹھا اور بد دقت تمام اُس شخص کے پاس آیا ، وہ اپنے مکان کا دروازہ بند کرنے ہی والا تھا کہ میں نے اسے آواز دی ۔ اُس وقت مجھے اندازہ ہوا کہ میری آواز بھی کس قدر کریہہ ہے۔لیکن مجھے لگا جیسے وہ شخص میری آوازنہیں سُن پایا۔ میں نے ایک مرتبہ پھر پوری قوت سے اسے آواز دی ۔’’اے مظلوموں کی داد رسی کرنے والے ، سُن ، میں تیرے قدموں میں پڑا ہوں، میری طرف دیکھ، میں تجھ سے مدد کا طالب ہوں۔‘‘ میرا خیال تھا کہ اِس مرتبہ وہ ضرور متوجہ ہوگا مگر میں نے دیکھا کہ وہ بدستور اپنی چیزیں سمیٹنے میں مگن ہے ۔میرے دل میں خیال آیا کہ ہوسکتا ہے اسے میری آواز کی پہچان نہ ہو، آخر میری آواز بھی تو نارمل نہیں ، کیوں نہ میں اسے اپنا بد ہئیت وجود دکھانے کی کوشش کروں ، شاید یہ مجھے دیکھ کر ہی سمجھ جائے کہ میں کیا چاہتا ہوں۔ یہ سوچ کر میں نے اپنے وجود کو گھسیٹا اور بڑی مشکل سے اُس جگہ آ کر بیٹھ گیا جہاں سے با آسانی وہ شخص مجھے دیکھ سکتا تھا۔
ایک دفعہ پھر میں نے اسے آواز دی۔ اِس مرتبہ اُس نے چونک کر ادھر ادھر دیکھا مگر ایسے جیسے کوئی چیز تلاش کر رہا ہو۔ جہاں میں دبک کر بیٹھا تھا وہاں بھی اُس نے اچٹتی سی نگاہ ڈالی ۔ میں نے آخری مرتبہ پھر اسے آواز دی ۔’’خدا کا واسطہ ہے میری بات سنو، تم ہی میرے حاجت روا ہو،تم میری آخری امید ہو، میری طرف دیکھو۔‘‘ مگر مجھے یوں لگا جیسے میری آواز صرف میرے ہی کانوں کو سنائی دے رہی ہو ۔ وہ شخص بے نیازی سے اٹھا اور اپنے مکان کا دروازہ بند کرکے اندر چلا گیا۔ میں بھی وہاں سے واپس چلا آیا۔ اُس دن کے بعد سے میں نے کبھی کسی سے مدد مانگنے یا اپنی حالت بدلنے کی دعانہیں کی ۔
( گرد و پیش کے لیے ارسال کیا گیا کالم )
فیس بک کمینٹ