ن لیگ کے ساتھ اس بار وہ ہاتھ ہوا ہے کہ یاد کرے گی !!!!
” وڑگئی سیاسی بصیرت“ ۔”یاروں “نے لو لی لنگڑی حکومت دیکر ساتھ ہی ” ترازو والے بابے “ پیچھے لگا دیے اور اب خیرسے ”سنہ اکہتر والے بابے “ بھی مورچہ زن ہو گئے ہیں اور یہ وہ بابے ہیں کہ جن کی جڑیں خاصی گہرائی تک پھیلی ہوئی ہیں عمران پہلے سے ہی سڑکوں پر” باؤلا یا “پھر رہا ہے اور اس آڑ میں ن لیگ کی کمزور ترین صوبائی اور مرکزی حکومت سے پس پردہ جوڈیلیں ہورہی ہیں اگر ان کی تفصیلات یہاں لکھ دی جائیں تو جان کے لالے ہیں ۔
عوام سے پٹرول کی مد میں اسی ارب روپے کی جو سبسڈی واپس لی گئی ہے وہ کہیں اور منتقل کردی گئی ہے ۔ ن لیگ کو ”فیضی بخار “سے ڈرا کر”بربادی کی پل صراط “پر چڑھانے والوں نے شطرنج کی نئی چالیں ترتیب دینا شروع کردی ہیں ۔ملتان کا ضمنی الیکشن ان سارے حالات میں تھر مامیٹر کی حیثیت رکھتا ہے شاہ محمود قریشی نے زیرو کارکردگی کے باوجود اپنے بیٹے کو سلمان نعیم جیسے انتھک آدمی کے مدمقابل لانے کا فیصلہ سوچ سمجھ اور ”مشورے “کے بعد ہی کیا ہے ۔مخدوم صاحب کبھی گھاٹے کا سودا نہیں کرتے اگر چہ انہیں اس حلقہ میں ملاوٹ مافیا اور قبضہ گروپوں کی افرادی اور مالی سپورٹ حاصل ہے لیکن بہر حال ” خفیہ حمایت “کے بغیر یہاں جیتنا کافی مشکل ہے ۔اور اسی سے اگلے ”الیکشن بخار “کا اندازہ ہوگا
آگے کے حالات کچھ اور نظر آرہے ہیں ۔زرداری صاحب خود کہہ چکے کہ جو بائیڈن میرا دوست ہے ۔اور ان کا یہ کہنا بہت معنی خیز ہے ۔بلاول بھٹو زردار ی کے طویل غیر ملکی دورے بھی اگلے حالات کی نشاندہی کررہے ہیں ۔ن اور پی پی پی کا انتخابی اتحاد بھی اپنا رنگ دکھاۓ گا ۔ن لیگ کا اینٹی پی پی پی ووٹ جس کا بڑا حصہ پہلے ہی عمران خان کی جھولی میں ڈل چکا ہے مزید ٹوٹے گا ۔مہنگائی پہلے سے ہی ن لیگ کی کشتی میں سوراخ کرچکی ہے اور رہ گئے ”ملک کے مالک “تو ان کی اپنی سائنس ہے وہ اپنے مفاد کے مطابق فیصلے کرتےہیں ۔پپیلزپارٹی کی اگلی متوقع حکومت انہیں زیادہ سوٹ کرےگے زرداری نے ایک بار پھر پاکستان کھپے کا نعرہ لگا دیا ہے جس کااصل مطلب ہے ”سب سے پہلے پاکستان “اور اس نعرے کا پس منظر تو قوم کو یاد ہی ہوگا ۔اور موجودہ حالات میں ”زردار ی پرواز “کے سامنے ”شہباز پرواز “ ڈگمگاتی نظر آرہی ہے۔
بظاہر تو یہی لگ رہا ہے کہ سارا میلہ ن لیگ کی ”دھوتی چرانے “کے لئے ہی سجایا گیا
فیس بک کمینٹ