کراچی : انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں تیزی سے بحالی دیکھی گئی اور کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی ڈالر کے مقابلے میں اس کی قدر میں 4.15 روپے کی بہتری آئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے اعداد و شمار کے مطابق صبح 10 بجے پاکستانی روپیہ 235.5 فی ڈالر میں ٹریڈ ہو رہا تھا، یعنی جمعہ کو 239.65 روپے پر بند ہونے کے بعد اس کی قدر میں 1.73 فیصد اضافہ ہوا۔ایف اے پی کے چیئرمین ملک بوستان نے روپے کی بحالی کی وجہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحٰق ڈار کے وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالنے کی خبروں کو قرار دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘مجھے توقع ہے کہ اسحٰق ڈار کے وزیر بننے کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں قیاس آرائیاں بند ہو جائیں گی جس سے روپے کی قدر میں بہتری آئے گی۔’
انہوں نے نوٹ کیا کہ فاریکس ایسوسی ایشن نے ماضی میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر کو بہتر بنانے کے لیے اسحٰق ڈار کے ساتھ مل کر کام کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ایسوسی ایشن ‘ڈالر کی شرح کو تیزی سے نیچے لانے’ کے لیے پالیسی بنانے میں ان کے ساتھ تعاون کر سکتی ہے۔
ملک بوستان نے کہا کہ وہ اسحٰق ڈار سے یہ بھی توقع کرتے ہیں کہ وہ مسافروں کے لیے کرنسی ڈیکلریشن رجیم کے حوالے سے ایسوسی ایشن کے مطالبات کو تسلیم کرلیں گے جس سے مارکیٹ میں سبز کرنسی کی سپلائی میں اضافہ ہوگا۔
ادھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا جس کی وجہ تجزیہ کاروں نے تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ وزیر خزانہ کے طور پر اسحاق ڈار کے آئندہ تقرر کی اطلاعات سے روپے کی بحالی کو قرار دیا۔
صبح 10 بج 46 بجے تک بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 411 پوائنٹس یا 1.01 فیصد بڑھ کر 41 ہزار 31 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔
عارف حبیب کارپوریشن کے احسن محنتی نے کہا کہ پی ایس ایکس نے مضبوط روپے پر ابتدائی کاروبار کے دوران تیز سرگرمی دیکھی اور نئے وزیر خزانہ کی آئندہ تعیناتی سے ‘ممکنہ طور پر معاشی غیر یقینی صورتحال میں استحکام آئے گا’۔پاکستانی روپیہ آج ڈالر کے مقابلے میں 4.15 روپے اضافے کے ساتھ 235.5 روپے فی ڈالر پر ٹریڈ کررہا تھا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج پاکستان واپس پہنچ رہے ہیں ان کے ہمراہ اسحٰق ڈار بھی وطن واپس آئیں گے اور وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالیں گے۔
( بشکریہ : ڈان نیوز )

