ملتان:نامور دانشور اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنما حیدرعباس گردیزی گزشتہ شب کورونا کے باعث انتقال کرگئے ۔ ان کی عمر 72برس تھی۔حیدرعباس گردیزی شاعر و ادیب حسن رضا گردیزی مرحوم کے اکلوتے بیٹے، معروف سیاسی شخصیت سید قسور گردیزی کے داماد اور زاہد حسین گردیزی ،مظفرعباس گردیزی،عون رضا گردیزی اور ڈاکٹرعلی رضا گردیزی کے بہنوئی تھے۔حیدرعباس گردیزی 13اکتوبر1948 کو ملتان میں پیدا ہوئے۔انہوں نے 1968 میں ایف سی کالج لاہور سے گریجویشن کی ۔ایک علمی،ادبی وسیاسی گھرانے سے وابستگی کے باعث انہوں نے خود بھی ترقی پسند سیاست میں متحرک کردار اداکیا۔
حیدرعباس گردیزی پاکستان پیپلزپارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن اور سٹڈی سرکل جنوبی پنجاب کے انچارج تھے۔سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیربھٹو 1986ءمیں جلاوطنی کے بعد پاکستان آئیں تو ملتان میں ان کی میزبانی حیدرعباس گردیزی نے کی تھی۔بے نظیربھٹو کی ہدایت پر انہوں نے فکری بنیادوںپر پارٹی کومنظم کرنے کی کوششیں کیں۔ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے زیراہتمام ہونے والے سیمینارز اور جلسوں کی میزبانی بھی کرتے تھے۔حیدرعباس گردیزی نے ملتان آرٹس کونسل کے بورڈ آف گورنرز کے رکن کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیئے۔انہیں آج دوپہر شاہ گردیز میں قریبی لواحقین کی موجودگی میں سپردخاک کردیاگیا۔ان کے پسماندگان میں بیوہ اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔
فیس بک کمینٹ

