ملتان : معروف شاعر اورماہر امراض چشم ڈاکٹرواجد برقی نے کہاہے کہ نوجوان قلمکارو ںکوچاہیے کہ وہ سچ کواپنا شعاربنائیں۔ادیب اورشاعر معاشرے کو خو بصورت بنانے میں کردار اداکررہے ہیں اورسچ کی ترویج کے بغیر معاشرے کوخوبصورت نہیں بنایاجاسکتا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سخن ورفورم کے زیراہتمام ملتان آرٹس کونسل کی ادبی بیٹھک میں نوجوان صحافی اورقلمکارصہیب اقبال کے اعزازمیں تقریب سے بطور صدر خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ صہیب اقبال نے بہت کم وقت میں ادب اورصحافت میں اپنی صلاحیتوں کا اعتراف کرایاہے۔تقریب کے مہمان خصوصی قمررضاشہزاداورمہمان اعزاز قیصر عباس صابرتھے ۔اس موقع پراظہارخیال کرتے ہوئے قمررضاشہزاداورنوازش علی ندیم نے کہاکہ صہیب اقبال جیسے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھتادیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ہم بھی ایسے تھے جب آئے تھے ویرانے میں ۔قیصرعباس صابراورجاویدیادنے کہاکہ ادبی بیٹھک نئی نسل کے لئے یقینی طور پرتربیت کی جگہ ہے ۔کتابوں کے ساتھ ساتھ محفلیں بھی آپ کو بہت کچھ سکھاتی ہیں۔
رضی الدین رضی اورشاکرحسین شاکر نے کہاکہ صحافت اورادب میں آنے والے نوجوان کئی شعبوں میں ہم سے آگے ہیں خاص طورپروہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے لوگوں تک زیادہ بہتررسائی کرتے ہیں ۔شہزادعمران خان اور مستحسن خیال نے کہاکہ صہیب اقبال ایک باصلاحیت اورمتحرک نوجوان ہے جس کی صلاحیتوں پرہمیں فخر ہے،پاکستان رائٹرز ونگ کے صدر کی حیثیت سے انہوں نے یاد گارتقریبات کرائیں اورمستقبل میں بھی وہ شعر وادب کے حوالے سے خوبصورت محفلیں آراستہ کرتے رہیں گے ۔صاحب شام صہیب اقبال نے کہا کہ ادبی بیٹھک نوجوانوں کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کوملتاہے ۔انہوں نے کہاکہ میں جب سے اس بیٹھک میں آیا یہاں کے سینئرزنے قدم قدم پرمیری رہنمائی کی ،یہاں آکر مجھے لفظوں کے استعمال کاسلیقہ آیااوراسی بیٹھک نے مجھے مشکل سے مشکل بات کہنے کاہنر سکھایا۔اس موقع پرشہزادعمران خان،مستحسن خیال،محمد عبداللہ ،وسیم ناصر،محمدالیاس ممڑ،ساجد بلوچ ،تنویر مبین اورساجد شجرانے بھی خطاب کیا۔
تقریب میں مسیح اللہ جام پوری ،حبیب الرحمن بٹالوی ،ارشد بخاری ،تاج محمد تاج ،ربنوازملک ،سجادملک سمیت ادیبوںشاعروں اورزندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیرتعدادنے شرکت کی ۔
فیس بک کمینٹ

