لاہور : پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر فنکار جوڑی اداکارہ ثمینہ احمد نے اداکار منظر صہبائی سے اپنی دوسری شادی سے قبل ہونے والی دوستی اور بات چیت سے متعلق کھُل کر بات کی ہے ۔
حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں دیئے گئے انٹرویو کے دوران سینئر اداکارہ ثمینہ احمد کا بتانا تھا کہ شادی سے قبل ہم دونوں رات کو 2 ، 2 گھنٹے تک فون پر باتیں کیا کرتے تھے، ایسا لگتا ہے کہ منظر میرے لیے برسوں پرانی محبت رکھتے ہیں۔
ثمینہ احمد نے شوہر، منظر صہبائی سے ہونے والی پہلی ملاقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں کی پہلی ملاقات ڈرامہ سیریز ’دھوپ کی دیوار‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی لیکن اس وقت ہم دونوں کے درمیان ایسی کوئی بات نہیں تھی کہ ہم ایک دوسرے کو پسند کرتے ہوں، ڈرامے کی شوٹنگ مکمل ہونے کے کچھ عرصے بعد جب ہماری دوبارہ ملاقات ہوئی تو منظر نے مجھے شادی کی پیشکش کی تھی۔
ثمینہ احمد کا بتانا ہے کہ جب منظر نے مجھے شادی کی پیشکش کی تو میں حیران رہ گئی تھی کہ ایسا کیسے ہوسکتا ہے، شادی کی پیشکش کے بعد منظر کراچی سے اسلام آباد چلے گئے جس کے بعد ہمارے رشتے کی بات آگے بڑھی۔
اداکارہ کا شو کے دوران مزید بتانا تھا کہ جب ہم رات کے وقت دو دو گھنٹے بات کیا کرتے تھے تو اس دوران ہم نے محسوس کیا کہ ہم دونوں ایک جیسے ہیں، ہم دونوں کی سوچ اور فیملی بیک گراؤنڈ میں کوئی اختلافات نہیں ہیں، ہماری ماضی کی زندگی میں ایسا کوئی واقعہ نہیں جو مستقبل میں پریشانی کا باعث بنے۔
اداکارہ ثمینہ احمد نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران کی بات کرتے ہوئے مزید بتایا کہ جب کووڈ پھیلا تو ہم صرف فون پر ہی بات کرسکتے تھے، اُس وقت ملاقات نہیں ہوتی تھی، اس دوران ہی منظر نے مجھے کہا کہ ہمیں نکاح کرلینا چاہیے جس کے بعد میں نے سوچنے کے لیے کچھ وقت مانگا اور منظر صہبائی سے نکاح کرنے سے قبل میں نے اپنے بچوں سے پوچھا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ میرے بچوں نے میرے اس سوال کے جواب میں مجھے کہا کہ یہ آپ کی زندگی ہے، آپ جو فیصلہ کریں ہمیں قبول ہے۔
اداکارہ ثمینہ نے بڑی عمر میں شادی کرنے سے متعلق اپنے اندر پیدا ہونے والے ڈر اور خوف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ منظر سے شادی کرنے سے قبل وہ اس لیے بھی گھبرا رہی تھی کہ انہوں نے لمبے عرصے تک اکیلے زندگی گزاری تھی، ماں اور باپ دونوں بن کر اپنے بچوں کی اکیلے ہی تربیت دی، جو کام کیا اپنی مرضی سے کیا تھا، اُنہیں شادی سے کرنے سے قبل یہ ڈر تھا کہ کیا وہ اپنا وقت دوسرے شخص کے ساتھ شئیر کرسکتی ہیں یا نہیں۔واضح رہے کہ ثمینہ احمد اور منظر صہبائی نے اپریل 2020ء میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران لاہور میں سادگی سے نکاح کیا تھا۔
( بشکریہ : جنگ نیوز )

