پاکستان کی کرکٹ ٹیم جو اس وقت عالمی رینکنگ میں 8 ویں نمبر پر ہے 2019ء کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے ممکنہ طور پر باہر ہو سکتی ہے ۔آسٹریلیا میں انتہائی مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کی ٹیم رینکنگ میں 89 پوائنٹس کے ساتھ 8 ویں نمبر پر ہے اور اس کے بعد 86 پوائنٹس کے ساتھ ویسٹ انڈیز موجود ہے ۔بنگلہ دیش جسے عام طور پر کمزور سمجھا جاتا ہے 91 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان سے برتر ہے ۔آئی سی سی نے فیصلہ کیا ہے کہ اس مرتبہ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کی تعداد بھی کم ہو گی ۔2019ء میں جو نئے قوانین متعارف کروائے جا رہے ہیں ان کے تحت عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2019ء میں صرف 10 ٹیمیں حصہ لیں گی ۔1992ء کے عالمی کپ کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہو رہا ہے کہ کسی عالمی کپ میں 12 سے کم ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ماضی میں ٹیموں کی تعداد کچھ اس طرح رہی 1975ء سے 1987ء تک 8 ،1992ء میں 9، 1996ء سے 1999ء تک 12، 2007ء میں 16 ،2003ء 2011ء اور 2015ء میں 14 ٹیموں نے ورلڈ کپ میں حصہ لیا۔ نئے قوانین کے مطابق جن 10 ٹیموں نے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنی ہے ان میں سے 7 ٹیموں کی رسائی رینکنگ کی بنیاد پر ہو گی جب کہ 3 ٹیموں کو کوالیفائینگ راﺅنڈ کھیلنا پڑے گا۔ اس راﺅنڈ میں بہت سخت مقابلے دیکھنے کو ملیں گے ۔اس وقت ٹیم کا جو حال ہے اس کے پیش نظر مبصرین کا کہنا ہے کہ عالمی کپ کے لئے کوالیفائی کرنا پاکستان کے لئے معجزہ ہی ہو گا۔ پاکستانی ٹیم مارچ میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گی جہاں اسے تین ون ڈے اور پھر جون میں چیمپیئنز ٹرافی کھیلنا ہے جو انگلینڈ میں ہو گی۔ کوالیفائنگ راﺅنڈ سے بچنے کے لئے پاکستان کو غیر معمولی کارکردگی دکھانا پڑے گی ۔
فیس بک کمینٹ