اسلام آباد : پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی ہے کہ ان کی پاکستان کے آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے۔انھوں نے اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف سے ملاقات کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بتایا ہے کہ ہاں میری (بیرسٹر گوہر) کی ملاقات ان سے (آرمی چیف سے) ہوئی ہے۔
’میری جہاں بھی جس سلسلے میں بھی ملاقات ہوتی ہے، میں تب کہتا ہوں جب خان صاحب کی جانب سے مجھے ہدایات دی جاتی ہیں۔ میں جہاں بھی جاتا ہوں، جس طریقے سے بھی کرتا ہوں، خان صاحب کے لیے کرتا ہوں۔ خان صاحب کی ہدایات اور ان کی مرضی سے کرتا ہوں۔‘انھوں نے کہا کہ ’خان صاحب نے کہا کہ بات چیت ملک کے استحکام کے لیے ضروری ہے اور ہمارے دروازے بات چیت کے لیے کھلے تھے، دوسروں کے دروازے بند تھے۔ اگر بات چیت آگے بڑھی تو ملک میں استحکام آئے گا۔‘
وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بتا چکے ہیں کہ آرمی چیف سے یہ ملاقات خیبرپختونخوا میں گذشتہ روز ہوئی تھی اور اس میں ان کی سکیورٹی امور پر بات ہوئی تھی۔خیال رہے کہ بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور آج مکمل ہوا ہے جس میں پی ٹی آئی نے تحریری طور پر حکومت سے نو مئی اور 26 نومبر کے واقعات کے حوالے سے سات روز میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
( بشکریہ : جیو نیوز )