ملتان : (گردوپیش رپورٹ : رضی الدین رضی سے ) نام ور نقاد ، ماہر تعلیم ،اور محقق پروفیسر ڈاکٹر اے بی اشرف کا جسد خاکی کل صبح لاہور ائرپورٹ پہنچے گا ۔ ان کے صاحبزادے نعیم اشرف کے مطابق 18 مارچ بروز منگل دوپہر 2 بجے جلال مسجد گلگشت پارک ملتان میں ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں ملتان میں سپرد خاک کیا جائے گا ۔ڈاکٹر اے بی اشرف کا ہفتہ پندرہ جنوری کو انقرہ میں انتقال ہو گیا تھا ان کی عمر 90 برس تھی ۔ دریں اثناء ان کی وفات پر جنوبی پنجاب سمیت دنیا بھر سے ان کے پرستاروں اور شاگردوں کے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے ۔
اشرف صاحب کی ترک شاگرد آسمان بیلن نے کہا ” کچھ لوگوں کا مرنا ‘ جائز ‘( درست ) نہیں ان کی مسکراہٹ کی روشنی ہمیں بہت دلاسہ دیتی تھی پھر بھی وہ ان خوش نصیب لوگوں میں سے ہیں جو اپنی پسند کی زندگی جیے ‘ ۔ نامور نقاد اور افسانہ نگار ڈاکٹر انوار احمد نے کہا وہ میرے استاد بھی تھے اور دوست بھی ۔ زکریا یونیورسٹی اور پھر انقرہ یونیورسٹی میں ہم رفیق کار بھی رہے۔ ا ن کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی ۔
نامور نقاد اور محقق ڈاکٹر نجیب جمال نے کہا انیس سو ستر میں جب میں بی اے کا طالب علم تھا ان سے تعلق خاطر قائم ہوا تھا جس میں ان کے شاگرد ہونے کا پرلطف تجربہ اور پھر ان کے رفیقِ کار ہونے کا شرف حاصل ہوا۔یہ بھی پتا چلا کہ الفت کے تقاضے نبھانا کتنا مشکل ہوتا ہے۔وہ میرے محسن تھے ۔
فیس بک کمینٹ