محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن (ایف ایف ڈی) نے کہا ہے کہ سلیمانکی کے مقام پر دریائے ستلج میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جس میں کمی کا امکان ہے جبکہ دیگر بڑے دریاؤں میں سیلاب کی سطح کم ہے۔
پاکستان کے وسطی علاقے کئی روز سے سیلابی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں کیونکہ بھارت کی شمالی ریاستوں (جہاں سے دریائے ستلج اور راوی میں پانی آتا ہے) میں گزشتہ ایک ہفتے سے موسلادھار بارشیں ہوئیں، نتیجتاً بھارت، پاکستان کے زیریں علاقوں کی جانب زیادہ پانی چھوڑ رہا ہے۔
جمعہ کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا تھا کہ ریسکیو 1122 نے صوبے کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے اب تک 14 ہزار سے زائد افراد کو نکال لیا ہے۔
آج شیئر کی گئی اپ ڈیٹ میں ایف ایف ڈی نے کہا کہ ملک کے شمالی حصوں پر گزشتہ روز کی مغربی ہواؤں کی لہر برقرار ہے، بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے معتدل نم ہوائیں ملک کے بالائی حصوں میں 5 ہزار فٹ تک داخل ہو رہی ہیں، خلیج بنگال اور ملحقہ علاقے کے شمال میں نچلی سطح کے مون سون کی لہر تیار ہوچکی ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام بڑے دریاؤں کے بالائی علاقوں نیز اسلام آباد، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسمعٰیل خان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار/درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ژوب، لورالائی، سبی، نصیر آباد اور قلات ڈویژن میں کچھ مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
علاوہ ازیں سرکاری نشریاتی ادارے ’ریڈیو پاکستان‘ کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ پاکستانی فوج بہاولنگر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کو امداد فراہم کر رہی ہے۔
دریں اثنا پنجاب کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبے کے بیشتر جنوبی اضلاع میں آج اور کل (پیر) کو موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
لاہور، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم اور منڈی بہاالدین میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور قصور میں بھی بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ شیخوپورہ، ساہیوال، بہاولنگر، فیصل آباد اور اوکاڑہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو بارش کے موسم میں دریاؤں اور نہروں میں نہانے اور تاروں، بجلی کے کھمبوں اور بجلی کے آلات سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ تمام ادارے اور ضلعی انتظامیہ نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے مناسب انتظامات کریں۔
(بشکریہ:ڈان نیوز)
فیس بک کمینٹ