ملتان:این اے 148ملتان ون کے ضمنی الیکشن میں علی قاسم گیلانی کی کامیابی کے نتیجے میں گیلانی خاندان نے ایک منفرد ریکارڈقائم کردیا۔اس وقت سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سمیت ان کے تمام بیٹے ایوان اقتدار میں ہیں ۔سید یوسف رضاگیلانی سینیٹ کے چیئرمین ہیں ،ان کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی گزشتہ شب این اے 148ملتان ون سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ،این اے 151ملتان سے ان کے دوسرے صاحبزادے سید علی موسیٰ گیلانی قومی اسمبلی کے رکن ہیں ،ان کے تیسرے صاحبزادے سید عبدالقادر گیلانی این اے 152ملتان سے قومی اسمبلی کے رکن ہیں جبکہ ان کے چوتھے صاحبزادے سید علی حیدر گیلانی پی پی 213سے پنجاب اسمبلی کے رکن ہیں ۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اوریوسف رضاگیلانی کے بھائی سابق رکن اسمبلی سیداحمد مجتبیٰ گیلانی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ خداکے فضل سے گیلانی خاندان نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جہاں یہ خوشی کی بات ہے وہاں اس کے نتیجے میں ہم پر ذمہ داریاں بھی آگئی ہیں ہمیں عوام کے مینڈیٹ کااحترام کرناہے اوراس کے ساتھ ساتھ ان کی توقعات پربھی پورا اترناہے ۔یہ بھی ایک ریکارڈ ہے کہ گیلانی خاندان نے گزشتہ دس برسوں کے دوران ملتان میں ریکارڈترقیاتی کام کروائے اورآنے والے دنوں میں بھی وسیب کی محرومیاں دور کرنے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔
فیس بک کمینٹ