ملتان : وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے عمران خان کو حکومت گرفتار کرنے کا مںنصوبہ بنارہی ہے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمودقریشی نے کہا کہ حکمران عمران خان کی عوامی مقبولیت سے گھبرا گئے ہیں۔ حکومت نے یہ حرکت کی تو ملک کے سیاسی استحکام کو تہہ وبالاکر دیں گے۔ انہوں نے کہا میری اطلاع کے مطابق بنی گالہ کی بتیاں گل ہو چکی ہیں ۔
سابق وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ کل عمران خان نےایک اہم اجلاس اسلام آبادمیں طلب کیا ہے، کارکنان تیاررہیں اور پارٹی کی کال کا انتظارکریں۔شاہ محمودقریشی کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پرانسانی حقوق کی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں۔
دوسری جانب عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالہ کی طرف جانے والے راستے کی سیکورٹی سخت کر دی گئی۔ پولیس نے خار دار تار لگا کر راستہ بند کرکے غیر متعلقہ افراد کو بنی گالہ جانے پر روک دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن بھی بنی گالہ کے علاقے میں عمران خان چوک پہنچ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ آج اسلام آباد پولیس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف سرکاری مدعیت میں دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج اور اعلیٰ پولیس افسران کو دھمکیوں کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف مجسٹریٹ اسلام آباد علی جاوید کی مدعیت میں تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق عمران خان نے تقریر میں پولیس افسران اور جج کو دھمکیاں دیں اور ڈرایا، عمران خان کی تقریر کا مقصد عدلیہ اوراعلیٰ حکام کادہشت زدہ کرنا تھا۔
جیو نیوز کے اینکر شہزاد اقبال نے بتایا کہ عمران خا ن کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ دائر کیے جانے کے بعد اب اُن کی گرفتاری کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد کے پاس عمران خان کی گرفتاری کا آرڈر ہے۔
ذرائع کے مطابق دوسری طرف وزارت داخلہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے مقدمے میں عمران خان کی گرفتاری کے لیے وزیراعظم آفس سے تحریری اجازت مانگ لی ہے۔اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ کہہ چکے ہیں کہ حکومت عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتی ہے۔
فیس بک کمینٹ

