پاکستان کرکٹ بورڈ نےفوری طور پر پاکستان سپر لیگ 2020کو ملتوی کردیا ہے۔ لیگ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ چند روز قبل پاکستان چھوڑ کر جانے والے ایک کھلاڑی میں کوروناوائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔ مذکورہ کھلاڑی کی اسکریننگ جلد مکمل کرلی جائے گی۔پی سی بی نے ایک ذمہ دارادارے کی حیثیت سے چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے اسکواڈز میں شامل تمام کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف، میچ آفیشلز، فرنچائز مالکان اور پروڈکشن کریو کے ٹیسٹ کے لیے تمام انتظامات کررکھے ہیں۔
پی سی بی نے ان تمام افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ موصول ہونے تک سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایک غیرملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد کیا گیا ہے، مذکورہ کھلاڑی کا ٹیسٹ کچھ دیر بعد ان کے ملک میں ہوگا۔
وسیم خان نے کہاکہ پی سی بی لیگ میں شامل تمام افراد کےفوری ٹیسٹ کروانے کے لیے سہولیات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا یہ صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بدل رہی ہے، اس حوالے سے پی سی بی تمام صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ وسیم خان نے کہاکہ پی سی بی اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے۔انہوں نےواضح کیاکہ پی سی بی میچ اور نان میچ ڈیز پر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئےتھرمل گن سے کھلاڑیوں، آفیشلزاور میڈیا نمائندگان کا بخار باقاعدگی سے چیک کرتا رہا ہے۔چیف ایگزیکٹو نے کہا پی سی بی کا ماننا ہے کہ ایونٹ کو ملتوی کرنے کا یہ بہترین وقت ہے اور اس سے قبل تمام ٹیموں کے مالکان کی مشاورت سے مختلف فیصلے لیے گئے جس میں بند دروازوں میں میچز کروانا ، کھلاڑیوں کو دستبرداری کی آپشن دیئے جانا، ایونٹ کی تاریخوں میں تبدیلی اور ٹورنامنٹ کے ایام کم کرنا شامل تھا۔انہوں نے کہاکہ یقیناََ یہ فیصلہ بھی تمام ٹیموں کے مالکان کی مشاورت سے لیا گیا ہے۔وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اس وباء سے آگاہی اور نمٹنے میں حکومتی مہم کا حصہ بن کر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ پی سی بی پرامید ہے کہ روزمرہ کی زندگی میں جلد ہر چیز معمول پر آجائے گی اور ہم مداحوں کے لیے کرکٹ واپس لائیں گے۔
پی سی بی نے اپنے تمام ڈومیسٹک مقابلے اور کرکٹ سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔
پی سی بی کا دعوی اپنی جگہ لیکن لیگ کے جلد مکمل ہونے کا امکان نہیں ہے.
** انگلینڈ کے کورونا کرکٹرز **
کرکٹ کے 6 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے یا پھر وائرس لگنے سے ایسے خوفزدہ ہوئے کہ انہوں نے اپنے آپ کو ٹیم ،ٹریننگ اور لوگوں سے دور کرکے خود کو گھر میں قید کرلیا؟قضیہ جو بھی ہے لیکن انگلینڈ کی معروف کاؤنٹی سرے کے 6 کرکٹرز اپنے اپنے گھروں میں قید ہوکر بیٹھ گئے. کاؤنٹی حکام نے یہ تو تصدیق کی ہےکہ وہ وائرس کا شکار نہیں ہوئے لیکن نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے انکی ایک ہفتہ بعد واپسی کی امید ظاہر کی ہے. سرے کاؤنٹی کے باقی کھلاڑی اوول لندن کے انڈور سکول میں معمول کی ٹریننگ کر رہے ہیں.
**جنوبی افریقا میں 60 دن کی پابندی **
دوسری جانب کرکٹ جنوبی افریقا نے ملک کی تمام کرکٹ پر 60 دن کی پابندی لگادی ہے. ملتوی یا منسوخ ہونے والے ایونٹس درجن کے قریب ہیں. بورڈ حکام کے مطابق پلیئرز کے ایسے شہروں میں بھی جانے کی پابندی ہے جو کورونا وائرس کی وجہ سے ہائی رسک ہیں.
**زمبابوے کورونا فری،کرکٹ سیریز پھر بھی ملتوی**
آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ زمبابوے بھی ملتوی ہوگیا ہے ٹیم نے اگلے ماہ 3 ٹی 20 اور 3 ایک روزہ میچز کے لئے ہرارے پہنچا تھا. بورڈ زحکام نے اتفاق کیا ہے کہ دورہ پھر ری شیڈول کریں گے. یاد رہے کہ زمبابوے تاحال ان ممالک میں شامل ہے جہاں ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا.
**کورونا سے 130سالہ انگلش تاریخ تبدیل**
انگلش کرکٹ کاؤنٹی سیزن میں کورونا وائرس کی وجہ سے وہ کچھ ہونے کو ہے جو 130 سالہ انگلش کرکٹ تاریخ میں نہیں ہوا. سیزن تاریخ میں پہلی بار اکتوبر کے آخر تک شیڈول کرنے کی تجویز ہے جس کے لئے انگلش کاؤنٹی چیفس اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ حکام کے درمیان منگل کی صبح مقامی وقت کے مطابق 11 بجے ویڈیو کانفرنس میٹنگ بلائی گئ ہے جس میں حتمی فیصلہ ہوگا انگلش کرکٹ سیزن 12 اپریل سے شروع ہونا ہے جسکا اختتام 25 ستمبر تک ہوجایا کرتا ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے سیزن کے آغاز میں تاخیر یقینی ہے اسلئے حکام اسکی تکمیل کیلئے اکتوبر تک جانا چاہتے ہیں اگر ایسا ہوا تو یہ پہلی بار ہوگا. انگلینڈ کے موسم سرما کے آغاز میں سخت سردی اور دن کا دورانیہ کم ہونے سے اکتوبر میں میچ کا انعقاد بڑا چیلنج ہوگا.
**آئی پی ایل اجلاس ناکام،فرنچائزز کے کیمپ تک ملتوی**
بھارتی آئی پی ایل کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی 18 روز کیلئے ملتوی کی جاچکی ہے. 15 اپریل کی مجوزہ تاریخ کے حوالے سے بھی بے یقینی ہے اسکے لئے ہونے والا آئی پی ایل فرنچائزز کا ٹیلی کانفرنس اجلاس بھی بے نتیجہ ختم ہوا ہے. یہی نہیں بلکہ فرنچائزز کے ٹریننگ کیمپس بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں .
**کرکٹ کا کام گھر سے کرنے کی ہدایت**
کورونا وائرس نے دنیا کے طاقتور کرکٹ بورڈ کو اتنا خوفزدہ کردیا ہے کہ اس نے اپنے ملازمین کو آفس آنے سے روکتے ہوئے نیا حکم جاری کیا ہے، بورڈ نے اپنے ملازمین سے کہا ہےکہ آفس آنے کی ضرورت نہیں ہے. کرکٹ و بورڈ کا تمام کام اپنے گھروں سے کریں.کرکٹ شائقین نے سوال کیا ہے کہ کیا یہ ممکن ہے کہ کرکٹرز بھی اب گھر سے میچ کھیلنا شروع کردیں.
فیس بک کمینٹ

