گزشتہ سال ورلڈ کپ کے بعد آسٹریلیا کے کرکٹرز اوپر تلے دماغی مسائل کی وجہ سے کرکٹ سے دور ہوگئے تھے .ان میں مشہور بلے باز گلین میکسویل بھی شامل تھے .سب لمبے وقفے کے بعد ایک ایک کرکے واپسی کی تھی لیکن یہ معمہ اپنی جگہ موجود تھا کہ دماغ کی خرابی تھی یا بیماری. اب پتا چلا کہ وہ خرابی تھی اور دماغ میں شیطان آگیا تھا. اس کا انکشاف بھی خود میکسویل نے کیا ہے.
”ورلڈ کپ 2019 کے دوران میری شدید خواہش تھی کہ میری بازو ٹوٹ جائے .ٹریننگ کے دوران ساتھی کرکٹر شان مار ش کے ساتھ ایسی بات ہوئی کیونکہ وہ تکلیف میں تھے .ہم ہسپتال چلے گئے اور وہاں میری خواہش تھی کہ میری ہی بازو ٹوٹ جائے. بعد میں جب ڈاکٹرز سے بات کی تو انہوں نے کرکٹ سے وقفہ لینے کی تجویز دی جس کے بعد میں نے وقفہ لے لیا اور اس کا فائدہ ہوا “.
**ویمن کرکٹر ہسپتا ل میں **
آسٹریلیا ویمنز ٹیم کی آل رائونڈر ایلیسا ہیلی ہسپتال پہنچ گئیں لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے نہیں بلکہ ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے انکی سرجری ہوگی. اس ماہ کے آغاز میں ختم ہونےوالے ویمنز ورلڈ ٹی 20کے سیمی فائنل اور فائنل سے وہ باہر ہوگئ تھیں.
**انگلینڈ بورڈ ودیگر کرکٹ بورڈز امدادی سرگرمیوں میں**
دنیائے کرکٹ کے بورڈز اپنے ملک میں کورونا متاثرین کی امداد میں لگے ہیں تو انگلینڈ کرکٹ بورڈ اس موقع پر کچھ اور کرنے میں لگا ہے.اسے اپنے کرکٹرز کی ٹریننگ کی فکرہے، چنانچہ اس نے جوئے روٹ الیون اور ہیتھر نائٹ سائیڈ کیلئے گھروں میں ٹریننگ کا سامان بھیجنے کی پیشکش کردی ہے. اس میں خصوصی سامان ایسا ہوگا جو محدود جگہ پر پریکٹس اور ٹریننگ کیلئے کافی مدد گار ہوگا. انگلینڈ میں کورونا کی وجہ سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے. کرکٹ سیزن پہلے ہی موخر ہے .
دوسری جانب بنگلہ دیشی کرکٹرز نے کورونا متاثرین کیلئے اپنی ماہانہ تنخواہ کا نصف مختص کردیا ہے. کھلاڑیوں و بورڈ کے دیگر افراد نے 26 لاکھ ٹکہ فنڈ میں جمع کرایا ہے. بنگلہ دیش میں 4 افراد کی ہلاکت اور 44 کیس رپورٹ ہونے پر لاک ڈائون ہے.بھارت نے تاریخی کرکٹ گرائونڈ ایڈن گارڈنز کولکتہ کا ایک حصہ کورونا میڈیکل اسٹاف کیلئے مختص کردیا ہے. بدھ کو بورڈ نے اعلان کیا کہ وہ عوام کیلئے اپنی خدمات جاری رکھے گا.بھارتی بورڈ کے سربراہ ساروگنگولی نے 50لاکھ بھارتی روپے کی مدد کااعلان کیا ہے .ادھر ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ملکی کرکٹ سیزن کو مزید 15 اپریل تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے. کورونا کے حوالے سے ویسٹ انڈیز میں کیس رپورٹ ہونے کی شرح دیگر ممالک سے خاصی کم ہے. کرکٹ جنوبی افریقا جو پہلے ہی مالی مسائل کا شکار ہے اس نے اپنے اگلے کرکٹ سیزن کو مختصر کرنے کا اعلان کیا ہے. متعدد ڈومیسٹک ایونٹ کم ہونگے. میچز کی تعداد کم کرکے مالی خسارہ کم کیا جائے گا .ملین ڈالرز کے سپانسرز پہلے ہی بورڈ کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں.
بھارت میں 21 روزہ لاک ڈائون جاری ہے لیکن کرکٹ کھلاڑی کہاں چین سے بیٹھتے ہیں. مدھیا پردیش کے مقامی گرائونڈ ز و سٹریٹ کرکٹ کھیلنے والے درجنوں افراد کو پولیس نے گرفتار کرکے کھیل روک دیا.
**پی سی بی نے بینک اکائونٹ کھول دیئے**
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ اس کےسنٹرل کنٹریکٹ یافتہ تمام کرکٹرز اور ملازمین کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مالی امداد کے ذریعے حکومتی ایمرجنسی فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ اس سلسلے میں پی سی بی کے سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے عطیہ کریں گے۔علاوہ ازیں، پی سی بی کے سینئر منیجر کے عہدے تک کے ملازمین اپنی ماہوار تنخواہ میں سے ایک روز جبکہ جنرل منیجر اور اس سے بڑے عہدے پر موجود ملازمین 2 روز کی تنخواہ فنڈ میں عطیہ کریں گے۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی روایت ہے کہ وہ ہر مشکل وقت میں اپنی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ اپنے ہیلتھ ورکرز کی صحت اور کامیابی کے لیے دعاگو ہیں تاکہ ہمارا معاشرہ جلد معمول کے مطابق چل سکے اور اس سلسلے میں پی سی بی نے اپنی طرف سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دینے کے لیے یہ ایک چھوٹی سی کاوش کی ہے۔
پی سی بی بطور ادارہ اسٹاف سے اکٹھی ہونے والی رقم کے برابر امداد عطیہ کرے گا
فیس بک کمینٹ