لندن : کورونا وائرس کی وبا کے دوران پابندیوں کے سائے اور نئی امیدوں کے ساتھ نئے سال کا آغازہو گیا ، نیوزی لینڈ آسڑیلیا سمیت دنیا کے کئی ممالک میں سال 2021 شروع ہوگيا۔اور پاکستان سمیت کئی ملک ابھی نئے سال کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔
آکلینڈ کے اسکائی ٹاور پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع تھی۔دنیا بھر میں نئے سال کے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں، کہیں احتیاط،کہیں تقریبات کہیں پابندیاں برقرار، دبئی میں 23 مقامات پرآتشبازی ہو گی۔کورونا کے باعث برج خلیفہ کے اطراف جراثیم کش اسپرے کیا گیا ہے۔پیرس میں سال نوکی تقریبات پر پابندی، لگا دی گئی سڈنی میں تقریبات محدود کردی گئی ہیں۔نیویارک کے ٹائمزاسکوائر پرسال نوکا جشن منفرد انداز میں منانے کی تیاریاں کی گئی ہیں،کورونا ایس او پیز کے ساتھ فرنٹ لائن ورکرزکوخراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
نیوزی لینڈ میں جہاں سرحد پر سخت اقدامات اور لاک ڈاؤن سے وائرس پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے، وہاں نئے سال کی تقریبات معمول کے مطابق ہوئیں۔آکلینڈ کے سکائی ٹاور پر آتش بازی کا نظارہ دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ اکٹھے ہوئے۔بیجنگ میں لائٹ شو کو منسوخ کر دیا گیا ہے لیکن شہر کو سجانے کے لیے فانوس لگائے گئے ہیں ۔ فرانس میں دو لاک ڈاؤن لگائے جا چکے ہیں اور نئے سال کے موقع پر بارز، ریستوران اور ثقافتی میلوں پر پابندی رہے گی۔ قوانین پر عمل درآمد کے لیے بڑی تعداد میں سکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔
لندن میں ویسٹ منسٹر برج اور لندن آئی پر ہونے والی تقریب کو دیکھنے کے لیے عموماً کئی گھنٹوں پہلے لوگوں کی بھیڑ جمع ہونی شروع ہو جاتی ہے لیکن پولیس نے وارننگ جاری کی ہے کہ لوگ نئے سال کو اپنے گھروں میں رہ کر خوش آمدید کہیں۔انڈیا نے دلی اور کئی دوسرے شہروں میں نئے سال کے موقع پر رات کے وقت کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔آج سے ترکی میں چار دن کا کرفیو نافذ کیا جا رہا ہے۔
( بشکریہ : بی بی سی اردو )

