ٹنڈو الہ یار : سابق صدرِ مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے وہ قوم کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے جان چھڑوا کر اپنی حکومت بنائیں گے۔ٹنڈو الہٰ یار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو تکلیف صرف 18ویں ترمیم کی ہے جس کی وجہ سے مجھ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں ملک میں آئندہ انتخابات جلد نظر آرہے ہیں۔سابق صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ اگر 18ویں ترمیم کے معاملے پر میں مان بھی جاؤں تو میری پارٹی، سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا نہیں مانیں گے۔وزیرِ اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ووٹ نہیں ملا تب ہی انہیں عوام کے درد کا احساس نہیں ہے، صرف سیاست دان جانتے ہیں کہ عوام کے مسائل کیا ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں برس ہونے والے انتخابات اگر شفاف ہوتے تو کپتان وزیرِ اعظم نہ ہوتے۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہردفعہ مذاق ہوا اور ہردفعہ عجب کہانیاں لکھی گئیں، جب بھی کسی نےعوام کاحق مارنےکی کوشش کی ہم نے آواز اٹھائی۔قبلِ ازیں حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دورِ حکومت میں ہر مسئلے پر کام کیا جبکہ پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ قومی ادارے کمزور ہوں۔انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے ہر صوبے کو زیادہ حق ملا، صوبے مضبوط ہوں گے تو پاکستان بھی مضبوط ہوگا۔سابق صدر مملکت نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ انڈر 16 کی ٹیم ہے انہیں کھیلنا نہیں آتا، ملک میں احمقوں کی حکومت ہے۔حکومتی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ڈنڈے سے ٹیکس جمع نہیں کیا جاسکتا۔سیاسی فیصلوں پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاست سوچ سمجھ کر کی جاتی ہے، سیاست میں کوئی فیصلہ لینے سے قبل یہ سوچنا پڑتا ہے کہ 100 سال بعد اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔
فیس بک کمینٹ