ملتان : سرائیکستان قومی موومنٹ کے بانی چیئرمین حمید اصغر شاہین طویل علالت کے بعد سوموار اورمنگل کی شب انتقال کرگئے۔ ان کی عمر81برس تھی۔ انہیں کروڑلعل عیسن میں سپرد خاک کردیاگیا۔ حمید اصغر شاہین 1937ءمیں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اپنے علاقے سے حاصل کی۔کالج کے زمانے میں طلباسیاست سے منسلک ہوئے اور گریجویشن کے بعد مزدور کسان تحریک میں شامل ہوگئے۔حمید اصغرشاہین کا جاگیردار گھرانے سے تعلق تھا لیکن انہوں نے خود کومزدوروں کے حقوق کے لیے وقف کردیاتھا۔پیپلزپارٹی قائم ہوئی تو وہ اس میں شامل ہوئے لیکن جب پیپلزپارٹی میں جاگیردارشامل ہوگئے تو وہ اس سے الگ ہوگئے۔بھٹودور میں انہیں گرفتار کرکے تشدد کانشانہ بھی بنایاگیا۔سرائیکی قومی موومنٹ کے پلیٹ فارم سے انہوں نے سرائیکی صوبے کے قیام کے لیے جدوجہد کی اور بعد ازاں تنظیم کا نام سرائیکستان قومی موومنٹ بھی کرلیا۔
فیس بک کمینٹ