لاہور: پنجاب حکومت نے ڈاکٹروں کی تجویز پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو اسپتال میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کو آج کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں سنائی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کا چند روز قبل جیل میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے طبی معائنہ کیا تھا جس میں امراض قلب کے ماہرین بھی شامل تھے۔ دوسری جانب مختلف میڈیکل ٹیسٹ کے لیے جناح اسپتال بھی نمونے بھجوائے گئے تھے جبکہ دل کے ٹیسٹ کے لیے سابق وزیراعظم کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔
بعدازاں پی آئی سی میں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا گیا، جہاں ان کے خون کے نمونے لینے کے ساتھ ساتھ دل کے 3 ٹیسٹ (ای سی جی، ایکو اور تھیلیم ٹیسٹ) کیے گئے۔ ایکو کی رپورٹ میں نواز شریف کے دل کا سائز معمول سے بڑا پایا گیا جب کہ دل کے پٹھوں کے موٹے ہونے کی بھی نشاندہی کی گئی تھی۔ جس پر سینئر ڈاکٹرز کی جانب سے سابق وزیراعظم کو اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ اس حوالے سے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ میڈیا رپورٹس ظاہر کرتی ہیں کہ ان کے والد کی بیماری بڑھ رہی ہے اور ان کی زندگی کو خطرہ ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق کوٹ لکھپت جیل کی انتظامیہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سروسز اسپتال لاہور منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ نوازشریف کے لئے سروسز اسپتال کا وی آئی روم مختص کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے گرین سگنل ملتے ہی جیل انتظامیہ نواز شریف کو اسپتال منتقل کر دے گی۔