اسلام آباد : پاکستان میں دہشت گردی سے متعلق مقدمات کی تیز پیروی کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے تحت قائم فوجی عدالتوں کی دوسری دو سالہ آئینی مدت اتوار کو مکمل ہو گئی ہے۔حکومت فوجی عدالتوں کو مزید توسیع دینے کا ارادہ رکھتی ہے تاہم حزب مخالف کی جماعتیں فی الحال اس کی مخالفت کر رہی ہیں۔ماضی میں ان عدالتوں کی مدت میں توسیع کی حمایت کرنے والی یہ سیاسی جماعتیں اب تحفظات کا اظہار کر رہی ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع سیاسی جماعتوں میں اس معاملے پر اتفاقِ رائے پر منحصر ہے۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں متفق نہ ہوئیں تو فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع نہیں ہو گی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا ’حکومت فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوشش کرے گی اور اگر اس پر اتفاقِ رائے ہوتا ہے تو فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع ہو گی۔ اگر باقی جماعتیں سمجھتی ہیں کہ اب توسیع کی ضرورت نہیں ہے تو یہ توسیع نہیں ہو گی۔‘وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ ملک کو فوجی عدالتوں کی اب بھی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’فوجی عدالتوں کا قیام غیر معمولی حالات میں ایک غیر معمولی قدم تھا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ فوجی عدالتوں نے کامیابی کے ساتھ ڈیلیور بھی کیا ہے۔ فوجی عدالتوں کی اب بھی ضرورت ہے۔ ہم دہشت گردی کو مکمل شکست دینے کے بہت قریب ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ توسیع ضروری تھی اور اب بھی بہت اچھا ہو گا کہ یہ توسیع دوبارہ دی جائے لیکن ظاہر ہے یہ اس صورت میں ممکن نہیں کہ اگر اس معاملے پر قومی اتفاقِ رائے نہ ہو جیسا کہ قومی ایکشن پلان کے وقت تھا۔‘واضح رہے کہ پاکستان میں فوجی عدالتیں پشاور کے آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد نیشنل ایکشن پلان کے تحت سنہ 2015 میں قائم کی گئیں تھیں۔یہ عدالتیں ابتدائی طور پر دو سال کی مدت کے لیے قائم ہوئیں تاہم مارچ سنہ 2017 میں مسلم لیگ نواز کی حکومت نے 23 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے ان کی مدت میں دو سال کی تو سیع کی تھی۔پاکستان کی موجودہ حکومت نے بھی ان فوجی عدالتوں کی مدت میں مزید دو سال توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت نے اس معاملے پر مشاورت کے لیے حزب اختلاف کی جماعتوں کا اجلاس 28 مارچ کو طلب کیا تھا لیکن حزب اختلاف کے بائیکاٹ کے بعد یہ اجلاس منسوخ کرنا پڑا۔پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر حکومت کی جانب سے تاحال رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی سینیئر رہنما نفیسہ شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کی جماعت کا اس معاملے پر موقف بالکل واضح ہے کہ ان کی جماعت ان عدالتوں کی حمایت نہیں کرتی۔’ہم ایک متوازی نظام عدل اور کسی بھی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کرتے جو آئین کے دیے گئے بنیادی حقوق کی نفی کرتا ہو۔ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ فوجی عدالتیں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہیں، اس لیے ہم ان عدالتوں کی اُصولی مخالفت کرتے ہیں۔‘
( بشکریہ : بی بی سی اردو )
فیس بک کمینٹ