ملتان : ریڈیو پاکستان ملتان کے سبزہ زار میں اتوار کی شام منعقد ہونے والی ایک پروقار تقریب میں اکادمی ادبیات پاکستان کے علاقائی دفتر ملتان کا افتتاح ہو گیا ۔ تقریب کی صدارت گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کی مہماں خصوصی وزیر اعظم کے مشیر عرفان احمد صدیقی تھے ۔ تقریب میں سرائیکی وسیب کے طول وعرض سے ادیبوں شاعروں دانشوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب کی نظامت کے فرائض نام ور شاعر ، کالم نگار اور صدارتی ایوارڈ یافتہ مصنف شاکر حسین شاکر نے انجام دئے ۔ اس موقع پر چیئر میں اکادمی ادبیات پاکستان ڈاکٹر قاسم بگھیو ، ڈاکٹر اسلم انصاری ، حفیظ خان اور معروف شاعر و کالم نگار خالد مسعود خان نے بھی خطاب کیا ۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ اور وزیر اعظم پاکستان کے مشیر عرفان صدیقی نے ریڈیو پاکستان کی بالائی منزل پر قائم کئے گئے دفتر کا افتتاح کیا ۔ نام ور ادیب شاعر اور دانشور ڈاکٹر اسلم انصاری ، اکادمی ادیات کے بورڈ آف گورنرز کے رکن حفیظ خان ، اس دفتر کے قیام کے لئے بنائی جانے والی انتظامی کمیٹی کے اراکین خالد مسعود خان ، شاکر حسین شاکر ، ڈاکٹر نجمہ شاہین کھوسہ اور اظہر سلیم مجوکہ، اور دفتر کی تزئین و آرائش کے لئے معاونت کرنے والے معروف صنعت کار چودھری ذوالفقار بھی سٹیج پر موجود تھے ۔ تقریب میں اعلان کیا گیا کہ اس دفتر کے ذریعے اس خطے کے ادیبوں کے مسائل حل کئے جائیں گے ۔ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جس کی سفارشات کی روشنی میں ان ادیبوں کی کتب شائع کی جائیں گی جو وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اپنی کتابیں شائع نہیں کرا سکتے
فیس بک کمینٹ