راولپنڈی:راولپنڈی کے علاقے موہڑہ کالو کے قریب پاکستان آرمی ایوی ایشن کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس سے 2 پائلٹ، عملے کے 5 ارکان سمیت 18 افراد جاں بحق جب کہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق موہڑہ کالو کے قریب طیارہ گرنے کا حادثہ رات گئے پیش آیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ، عملے کے 5 ارکان سمیت 18 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔ طیارہ گرنےسے علاقے کے مختلف گھروں میں آگ بھی لگ گئی جس پر قابو پالیا گیا ہے تاہم ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر راولپنڈی عبدالرحمٰن نے بتایا کہ ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے اور تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔طیارہ حادثے کے بعد راولپنڈی کے تینوں بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا لیکن حادثہ کس وجہ سے پیش آیا اس کا تعین کیا جارہا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں طیارہ حادثے کے شہداء کو ہولی فیملی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ 4 افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں اور 1122 جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی کام جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق عملے کے شہداء میں لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ ثاقب اور لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ وسیم شامل ہیں ان کے علاوہ نائب صوبیدار افضل، حوالدارامین اور حوالدار رحمت بھی شہداء میں شامل ہیں۔عینی شاہدین نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رات تقریباً 2 بجے کا وقت تھا کہ جہاز کی بالکل مختلف آواز سنی ، نیچے آکر دیکھا تو جہاز گرنے کے بعد شعلے بلند ہو رہے تھے ۔ ڈسٹرکٹ کارڈینیشن آفیسر راولپنڈی احمد علی رندھاوا نے ڈی ایچ کیو اسپتال کا دورہ کیا جہاں طیارہ حادثے کے زخمیوں کی عیادت کی اور کہا کہ کوشش ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
فیس بک کمینٹ