سیہون شریف : صوبہ سندھ میں سیہون کے مقام پر صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کے 765 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ۔یہ اس مزار پر رواں برس 16 فروری کو ہونے والے دھماکے کے بعد عرس کی پہلی تقریبات ہیں اور دھماکے کے باوجود اس مرتبہ عرس میں پہلے سے زیادہ جوش و خروش نظر آ رہا ہے ۔ عرس میں شرکت کے لیے زائرین کی آمد کا سلسلہ کئی دن پہلے ہی شروع ہو گیا تھا۔زائرین میں مرد، عورتیں، بوڑھے، بچے سبھی شامل ہیں جنھوں نے دھمال ڈالتے ہوئے مزار کا رخ کیا۔ عرس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جن کی وجہ سے مزار میں داخلے کے لیے لوگوں کی طویل قطاریں دکھائی دیں۔
اس عرس میں شرکت کے لیے پاکستان کے طول و عرض سے لوگوں نے سیہون کا رخ کیا ہے اور انھیں ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے خصوصی ٹرینیں بھی چلائی گئیں۔ مزار میں داخلے سے قبل زائرین کو کڑی چیکنگ سے گزرنا پڑا۔ سکیورٹی انتظامات کے لیے واک تھرو گیٹس بھی لگائے گئے ہیں۔
فیس بک کمینٹ