پارا چنار : وفاق کے زیر انتظام فاٹا کی کرم ایجنسی کے شہر پاراچنار میں یکے بعد دیگرے 2 دھماکوں کے نتیجے میں 25 افراد جاں بحق اور100 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ دونوں دھماکے ٹل اڈہ کے علاقے میں ہوئے جس کے بعدسیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکوں کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے ۔ دونوں دھماکے ٹل اڈہ کے قریب طوری مارکیٹ میں ہوئے، پہلے دھماکے کے بعد جیسے ہی لوگ جائے دھماکا پ پہنچے تو دوسرا دھماکا ہوگیا۔ دھماکوں کی نوعیت فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔ دھماکوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دستوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دھماکے کی جگہ کو سیل کردیا۔ دھماکوں کے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ جنرل ہسپتال پاراچنار منتقل کیا گیا جبکہ میڈیکل اسٹاف کی عید کی چھٹیاں ختم کرکے علاقے کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ مقامی سیاسی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہونے کے لیے ٹل اڈہ کے بس ٹرمینل پر جمع تھی، جبکہ طوری مارکیٹ میں بھی عید کی خریداری کے باعث رش تھا۔ پاراچنار میں، جس کی آبادی تقریباً 50 ہزار سے زائد ہے، گزشتہ عرصے سے سیکیورٹی کے انتظامات سخت رکھے گئے ہیں اور جہاں آرمی اور پیراملٹری فورس کی جانب سے شہر کی طرف جانے والے تمام راستوں پر چیک پوائنٹس کی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ جمعہ کی صبح کوئٹہ میں بھی بم دھماکے کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد جاں بحق اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
فیس بک کمینٹ