بہاولپور: احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر الٹنے سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 125 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ قومی شاہراہ پر پکا پل کے قریب پیش آیا جب ایک تیز رفتار آئل ٹینکر الٹ گیا جس سے بڑی مقدار میں آئل بہنے لگا۔ ڈپٹی کمشنر(ڈی سی) رانا محمد سلیم افضل نے 123 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا اور بتایا کہ زخمیوں کی تعداد درجنوں میں ہے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ اور بہاولپور کے بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ آئل ٹینکر سے نکلتے ہوئے پیٹرول کو جمع کرنے کے لیے مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچی تھی کہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگنے سے ٹینکر پھٹ گیا۔ ذرائع کے مطابق قومی شاہراہ پر آئل ٹینکر کے نزدیک موجود 6 گاڑیاں بھی آتش زدگی کے لپیٹ میں آگئیں اور اس کے علاوہ متعدد موٹر سائیکلیں بھی خاکستر ہوگئیں۔ فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ترجمان موٹر وے پولیس عمران شاہ نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق قومی شاہرہ سے متصل بستی موضع رمضان جوئیہ سے ہے جو آئل ٹینکر سے بہنے والا تیل جمع کرنے کی غرض سے ٹینکر کے ارد گرد جمع تھے۔ ذرائع کے مطابق احمد پور شرقیہ میں طبی سہولیات کی کمی اور بہاولپور کے ہسپتالوں میں زخمیوں کی کثرت کے باعث حادثے کے مزید زخمیوں کو ملتان منتقل کیا جارہا جبکہ اس واقعہ میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ زخمیوں اور ہلاک ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
فیس بک کمینٹ