اسلام آباد: ایوان صدر میں نئی وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جہاں صدر مملکت ممنون حسین نے ارکان سے حلف لیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک تھے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق تقریب میں 43 رکنی وفاقی کابینہ میں شامل 27 وفاقی وزراء اور 16 وزرائے مملکت نے حلف اٹھایا۔ نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گذشتہ روز 46 رکنی کابینہ کی منظوری دی تھی۔ امکان ہے کہ نواز شریف کی حکومت کے وزیر دفاع خواجہ آصف نئی کابینہ میں وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ یاد رہے کہ 2013 میں ن لیگ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ملک وزیر خارجہ سے محروم تھا جبکہ آخری وزیر خارجہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے حنا ربانی کھر کو مقرر کیا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق سابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی کی حکومت میں وزارت داخلہ کا اہم قلمدان سنبھالیں گے۔ اسحٰق ڈار بحیثیت وزارت خزانہ ہی کام جاری رکھیں گے جبکہ پرویز ملک، خرم دستگیر کی جگہ نئے وزیر تجارت ہوں گے۔ خرم دستگیر خان اب وزارت دفاع کا قلمدان سنبھالیں گے جبکہ سعد رفیق وزارت ریلوے پر برقرار رہیں گے۔ نارووال کے دانیال عزیز، فیصل آباد سے طلال چوہدری، رحیم یار خان سے ارشد لغاری اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے جنید انور چوہدری کابینہ میں شامل ہونے والے نئے ارکان ہوں گے۔ مریم اورنگزیب، زاہد حامد اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ممکنہ طور پر اپنے سابقہ قلمدان ہی سنبھالیں گے۔ یاد رہے کہ نواز شریف کی حکومت میں زاہد حامد وزیر قانون، مریم اورنگزیب وزیر مملکت برائے اطلاعات جبکہ طارق فضل چوہدری وزارت کیڈ کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔ ن لیگ کے سیکریٹری اطلاعات مشاہد اللہ وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی کی حیثیت سے کابینہ میں واپس آئیں گے، انہیں 2013 میں پی ٹی آئی کے دھرنے کے دوران متنازع بیان دینے پرنواز شریف نے کابینہ سے نکال دیا تھا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سنائے جانے والے پاناما فیصلے کی روشنی میں نواز شریف کے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی تھی۔ نواز شریف کی نااہلی کے بعد حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی طرف سے شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا، جس کے بعد یکم اگست کو وہ قومی اسمبلی میں ہونے والے انتخاب میں 221 ووٹ حاصل کرکے وزیراعظم منتخب ہوئے اور اسی روز انہوں نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا تھا۔
فیس بک کمینٹ