اسلام آباد : بدھ کے روز اسلام آباد سے لاہور کے لئے روانہ ہونے والا نواز شریف کا قافلہ جہلم پہنچ گیا ہے ۔ قافلہ معمول کے مطابق دوپہر بارہ بجے کے بعد راول پنڈی سے روانہ ہوا تھا لیکن راولپنڈی سے قافلے کی رفتار بڑھا دی گئی ۔بی بی سی کے مطابق نواز شریف کے ساتھ تعینات پولیس سکواڈ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وفاقی وزیر سعد رفیق جب کچہری چوک پر پہنچے تو چند افراد ان سے ملنے آئے اور انھیں اپنے ساتھ لے گئے۔کچھ دیر بعد سعد رفیق واپس آئے اور جا کر سابق وزیرِ اعظم کی گاڑی میں بیٹھے اور اس کے بعد ان کا قافلہ اس قدر تیز رفتاری سے گزر گیا کہ راستے میں منتظر استقبالی پارٹیاں دھری کی دھری رہ گئیں۔پولیس اہلکار کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ سعد رفیق کی وساطت سے نواز شریف کو کوئی پیغام دیا گیا ہے۔ابھی تک اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کے کسی رہنما کا ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔
کچہری چوک سے نکلنے کے بعد اس قافلے کو جیسے پر لگ گئے اور قافلہ بہت تیزی سے آگے بڑھتا چلا گیامندرہ کے ٹول پلازہ میں قافلے کی گاڑیاں ٹول ادا کیے بغیر آگے بڑھ گئیں ۔راستے میں اکادکا استقبالی کیمپ نظر آئے جہاں کارکنوں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی۔
فیس بک کمینٹ