جلال آباد : نامعلوم مسلح افراد نےسوموار کی شام جلال آباد میں پاکستان کے قونصل خانے سے وابستہ اہل کار کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ۔ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے بتایا کہ نوید اقبال نامی اہل کار بازار سے سودا سلف لانے کے لیے نکلا تھا جب دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اسے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ نوید اقبال المعروف رانا کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ بازار سے سودا خرید کر واپس جا رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘وہ جب بازار سے واپس آ رہے تھے تو انہیں دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے نشانہ بنایا۔ وہ شام چار بجے سفارتی اصولوں کی خلاف ورزی کر کے گھر سے نکلے اور کسی کو خبر تک نہ دی۔’ابھی تک اس بات کی تصدیق تو نہیں کی جا سکی کہ نوید اقبال پاکستانی قونصل خانے میں کس حیثیت سے کام کرتے تھے لیکن ننگرہار کے حکام کے مطابق وہ ویزا دفتر میں کام کرتے تھے۔پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ پاکستان کی سیکریٹری خارجہ نے اسلام آباد میں تعینات افغان ناظم الامور کو طلب کر کے پاکستانی سفارتی اہلکار کی ہلاکت پر سخت احتجاج کیا ہے۔پاکستان میں افغانستان کے سفیر ڈاکٹر عمر زاخیلوال بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستانی سفارتی اہلکار کی ہلاکت پر تعزیت کی ہے۔اپنے پیغام میں انھوں نے افغان حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔
ابھی تک اس واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔
فیس بک کمینٹ