اسلام آباد : نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل میں مبینہ طور پر ملوث معطل ایس ایس پی راؤ انوار کو اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر ایک بین الاقوامی پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے حکام کے مطابق راؤ انوار کو منگل کی صبح اسلام آباد سے دبئی جانے والے پرواز ای کے 653 سے اتارا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ راؤ انوار جہاز میں سوار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے تاہم وہاں شناخت ہونے پر انھیں فوری طور پر جہاز سے اتار دیا گیا۔راؤ انوار کو کراچی میں نوجوان نقیب اللہ محسود کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد اس حوالے سے بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارش پر آئی جی سندھ نے ان کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بھی تجویز دی تھی۔اس سے پہلے پیر کو راؤ انوار نے تحقیقاتی کمیٹی کے روبرو پیش ہونے سے انکار کردیا تھا۔دوسری جانب راؤ انوار نے بتایا کہ میڈیا پر دبئی فرار سے متعلق غلط خبریں چلائی جارہی ہیں اور ’میں بالکل ٹھیک ہوں‘۔سابق ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھی ان کے گھر پر پولیس کے چھاپے کی خبر چلائی گئی تھی تو غلط ہے اور ’آج میرے دبئی فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بنانے کی غلط خبر چلائی جارہی ہے‘۔
فیس بک کمینٹ