کراچی : دنیا بھر میں بدھ کی رات آسمان پر ایک انوکھا منظر دیکھا گیا جب تین قمری واقعات ایک ساتھ رونما ہو ئے ۔بدھ کو نہ صرف چاند گرہن ہوا بلکہ مہینے کا دوسرا مکمل چاند زمین سے سب سے کم فاصلے پر بھی تھا۔اس واقعے کو ‘سپر بلیو بلڈ مون’ یعنی بڑا نیلگوں اور خونی چاند کا نام دیا گیا ہے۔چاند گرہن 10 بج کر 51 منٹ جی ایم ٹی پر شروع ہوا اور اس کا اختتام 16 بج کر آٹھ منٹ جی ایم ٹی پر ہوا۔ آخری مرتبہ اس نوعیت کا منظر دنیا میں بسنے والوں نے 1866 میں دیکھا تھا۔’سپر بلیو بلڈ مون’ یا عظیم نیلگوں خُونی چاند دراصل نیلے چاند کا ہی نتیجہ ہوتا ہے۔نیلگوں چاند تو اس مہینے میں دوسری مرتبہ طلوع ہو ا لیکن گرہن کی وجہ سے چاند پر پڑنے والا زمین کا عکس سرخ رنگ کا نظر آیا اور اسی وجہ سے اسے بلڈ مون یا خونی چاند بھی کہا جاتا ہے۔زمین اور چاند کا فاصلہ سات فیصد کم ہونے کی وجہ سے چاند معمول سے 14 فیصد زیادہ روشن اور یہ معمول سے بڑا نظر آیا ۔امریکہ میں ستاروں کے مشاہدے کے شوقین افراد نے اس نیلگوں خونی چاند کا نظارہ بدھ کو علی الصبح طلوع آفتاب سے پہلے کیا۔
۔