لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے چیئرمین عمران خان کی روحانی شخصیت بشریٰ بی بی سے تیسری شادی کی تصدیق کردی گئی ہے اور ٹویٹر میں شادی کی تصاویر بھی جاری کردی گئیں۔پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے بھی عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق کردی ہے۔عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح مفتی سعید نے پڑھایا اور نکاح کی سادہ تقریب اتوار کو لاہور میں بشریٰ بی بی کے گھر میں منعقد ہوئی۔پی ٹی آئی چیئرمین کے نکاح کے موقع پر عمران خان کی جانب سے عون چوہدری اور ذلفی بخاری گواہان میں شامل تھے جبکہ عمران خان کے قریبی رشتہ داروں کی جانب سے کوئی شامل نہیں ہوا۔پی ٹی آئی کے آفیشل ٹویٹر سے جاری پیغام میں چیئرمین اور ان کی بیوی کو شادی کی مبارک باد دی گئی ہے اور دعا کے ساتھ ساتھ نکاح کی تصاویر بھی جاری کردی گئی ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے عمران خان کی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصے پہلے عمران خان نے بشریٰ بی بی کوشادی کا پیغام بھیجا تھا اور اب شادی ہوگئی ہے، ان شا اللہ عمران خان کا نکاح پورے ملک کے لیے مبارک ثابت ہوگا۔یاد رہے کہ عمران خان کی شادی کے حوالے سے خبریں گزشہ ماہ سامنے آئی تھیں تاہم پی ٹی آئی اور عمران خان کی جانب سے اس کی تردید کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ ابھی عمران خان نے ابھی بشریٰ بی بی کو شادی کا پیغام بھیجا ہے۔انگریزی اخبار دی نیوز کے صحافی عمر چیمہ نے اپنے مضمون میں دعویٰ کیا تھا کہ مفتی سعید نے عمران خان کی تیسری شادی کا نکاح پڑھایا۔ان کا کہنا تھا کہ کہ نکاح کی تقریب لاہور ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے سیکٹر وائی میں دلہن کے قریبی دوست کے گھر منعقد ہوئی جو پی ٹی آئی رہنماؤں کے بھی قریبی دوست ہیں۔
فیس بک کمینٹ