ٹورنٹو : کینیڈا کے شہر ٹورونٹو میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک وین فٹ پاتھ پر راہگیروں پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں کم از کم دو راہگیر ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے سات کی حالت نازک ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا ہے وہ کافی مصروف علاقہ ہے۔پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس علاقے میں آنے سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر سب وے سروس کو بھی روک دیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق سفید رنگ کی وین فٹ پاتھ پر چڑھی اور آٹھ سے دس راہگیروں سے ٹکرائی۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر وین اور اس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تاہم انھوں نے ڈرائیور کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ٹورونٹو کے رہائشی ہینری ملر اس واقعے کے عینی شاہد ہیں۔ انھوں نے سکائی نیوز کو بتایا ’اس سڑک پر 60 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار پر ایک سفید وین آئی۔ وہ وین گھومی ہے اور راہگیروں پر چڑھ گئی ہے۔ میرا اندازہ ہے کہ جان بوجھ کر وین کو فٹ پاتھ پر چڑھایا گیا۔‘ایک اور عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا ’میں نے دیکھا کہ ایک سفید وین فٹ پاتھ پر چڑھی ہے اور لوگ چیخ رہے تھے گاڑی روکو، گاڑی روکو۔ لیکن ڈرائیور گاڑی چلاتا گیا اور کچھ لوگوں کو روند ڈالا اور میں نے تین افراد کو دیکھا جو گاڑی سے روندے جانے کے بعد نہیں ہلے۔‘ ایک اور شخص نے بتایا کہ وہ اس سفید وین کے بالکل پیچھے تھے۔ ’ڈرائیور لوگوں کو اور یہاں تک کہ میل باکس کو بھی ٹکر مارتا نکل گیا۔ میں نے لوگوں کو ہوشیار کرنے کے لیے ہارن بھی بجایا۔ میں نے کم از کم چھ افراد کو وین کی ٹکر سے ہوا میں اڑتا دیکھا۔‘
فیس بک کمینٹ