ملتان :قومی احتساب بیورو نے ملتان میٹروبس منصوبے میں کرپشن کے الزام میں ایم ڈی اے کے سابق چیف انجینئر سمیت چھ افسران کو حراست میں لے لیا۔نیب ذرائع نے اے پی پی کو گرفتاریوں کی تصدیق کردی ہے۔ جن افسران کو گرفتار کیاگیا ہے ان میں ایم ڈی اے کے ایکسین ریاض حسین، امانت اور ایس ڈی اوز منعم سعید، منظور حسین اور رانا وسیم کے علاوہ سابق چیف انجینئر صابر خان سدوزئی شامل ہیں۔ نیب حکام نے ایم ڈی اے کا ریکارڈ پہلے ہی قبضے میں لے رکھا ہے۔چیف انجینئر صابر خان سدوزئی اس منصوبے کے دوران ریٹائر ہوچکے تھے اور بعد ازاں کنٹریکٹ پر منصوبے پر تعینات کیاگیا۔ایم ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل رانا رضوان سے جب رابطہ کیاگیا توانہوں نے بتایا کہ نیب نے ڈائریکٹر انجینئرنگ نذیر چغتائی کو طلب کیا تھاجبکہ ایکسین ریاض حسین ، ایس ڈی او منظورکوبھی نیب نے طلب کیاتھا۔نیب ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزمان کو جمعہ کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا اوران کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔
فیس بک کمینٹ