ملتان : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ17سے 21 جنوری تک ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے ملتان پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے دوران 5000 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔
سی پی او ملتان تمام سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے، جبکہ ایس ایس پی آپریشنز کامران عامر خان کی قیادت میں پولیس فورس مختلف مقامات پر تعینات ہوگی۔پولیس کے ساتھ ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، پاک فوج، رینجرز، اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ملتان کرکٹ اسٹیڈیم، ملتان ایئرپورٹ، روٹس، پارکنگ پوائنٹس اور ہوٹلز پر ڈیوٹی دیں گے۔ اسٹیڈیم کے اطراف اور دیگر اہم مقامات پر سرچ آپریشنز بھی جاری ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ جدید تربیت یافتہ کمانڈوز، لیڈی کمانڈوز اور جدید اسلحہ سے لیس ٹیمیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسٹیڈیم کے گرد پیٹرولنگ کریں گی۔
اسٹیڈیم میں آتشیں اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکہ خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، چاقو اور دیگر تیز دھار اشیاء لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کسی بھی فحش یا نفرت انگیز مواد والے بینر، پوسٹر یا پلے کارڈز پر سخت پابندی ہوگی۔ علاوہ ازیں، اسٹیڈیم کے احاطے میں ڈرون کیمروں کے استعمال پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ پولیس ترجمان کی جانب سے کرکٹ شائقین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قواعد و ضوابط کی پابندی کریں تاکہ اس ایونٹ کو خوشگوار اور یادگار بنایا جا سکے۔
فیس بک کمینٹ