راول پنڈی : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکن راولپنڈی میں فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر ایک پر پہنچ گئے ۔اس حوالے سے بی بی سی کو موصول ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل مظاہرین گیٹ نمبر ایک کے باہر توڑ پھوڑ کرتے ہیں اور اس کے پھر گیٹ کو زبردستی کھول کر اندر داخل ہو جاتے ہیں۔
موقع پر موجود صحافی خالد چوہدری کے مطابق اس مقام پر فی الحال مظاہرہ بھی جاری ہے جبکہ مری روڈ پر واقع حمزہ کیمپ کے باہر موجود سکیورٹی چوکی کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے۔
دوسری جانب عمران خان کی گرفتاری کے خلاف لاہور میں بھی احتجاج جاری ہے، جہاں بڑی تعداد میں مظاہرین لاہور کینٹ میں کور کمانڈر ہاؤس کے باہر موجود ہیں۔بی بی سی کے فرقان الہی کے مطابق مظاہرین نے یہاں موجود گاڑیوں کو آگ بھی لگائی ہے جبکہ مظاہرین نے لاہور کینٹ میں موجود چند پولیس وینز کو بھی آگ لگا دی ہے۔
پشاور میں مظاہرین نے خیبر روڈ پر ریڈ زون کی طرف جانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے آنسو گیس کے شیل پھینکے اور رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔
مظاہرین نے خیبر روڈ پر چوک کے قریب ریڈیو پاکستان کی عمارت کے اندر چاغی پہاڑ کے ماڈل کو آگ لگا دی ہے۔عمران خان کی گرفتاری کے خلاف مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج جاری ہے۔
پشاور میں چند مظاہرین کی جانب سے ایف سی ہیڈ کورٹر کے سامنے نعرہ بازی کی گئی ہے جبکہ ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی ہے۔
عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کی قیادت میں لاہور کے مال روڈ پر مظاہرین پہنچے ہیں اور انھوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس کی وجہ سے پولیس کو پیچھے ہٹنا پڑا۔
بی بی سی کے نامہ نگار فرقان الہی کے مطابق رات گئے تک مال روڈ پر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔

