کوئٹہ : کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت کم از کم تین افراد ہلاک اور 20 پولیس اہلکاروں سمیت 24 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق دھماکے کا نشانہ بننے والے بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار پولیو ڈیوٹی کے سلسلے میں کچلاک کی جانب جا رہے تھے۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس غلام اظفر مہیسر نے کہا کہ دھماکہ خود کش تھا جس میں 20 سے 25 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔
ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس غلام اظفر مہیسر کا کہنا ہے کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی میں ہونے والے خود کش حملے میں حملہ آور رکشے میں سوار تھا۔جائے وقوع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خود کش حملہ آور نے ایک رکشے کو پولیس اہلکاروں کے ٹرک کے ساتھ ٹکرایا جس کے بعد دھماکہ ہو گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دھماکے کی وجہ سے پولیس اہلکاروں کا ٹرک الٹ گیا اور کھائی میں جا گرا جس کی وجہ سے پولیس اہلکاروں کو زیادہ چوٹیں آئی۔انھوں نے بتایا کہ اس دھماکے کی زد میں پولیس ٹرک سمیت تین گاڑیاں آئیں جن میں ایک ٹویوٹا کرولا اور دوسری سوزوکی مہران کار شامل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور کی لاش جائے وقوع سے کچھ فاصلے پر پڑی ملی ہے۔انھوں نے کہا کہ اس حملے میں 20 کے قریب زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں میں سے دو کی حالت نازک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش حملے میں 20 سے 25 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پولیس اہلکار پولیو مہم کی ڈیوٹی پر تعیناتی کے لیے جا رہا تھا۔

