ملتان (محمد ندیم قیصر سے )فاطمہ ثنا کی قیادت میں پاکستان ویمنز ٹیم اور لورا وولوارٹ کی جنوبی افریقی ویمنز ٹیم کے خلاف کل 16 ستمبر سے بینک الفلاح ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مدمقابل ہونے والی ہے جس کے تینوں میچز ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 18 اور 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ پہلے اور دوسرے میچ کا آغاز شام سات بجے ہوگا۔ تیسرا میچ صبح دس بجے شروع ہو گا۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ خوبصورت ملتان کرکٹ سٹیڈیم ٹی ٹوئنٹی سیریز اور خواتین کی بین الاقوامی سیریز کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل ملتان سٹیڈیم مینز کرکٹ 11 ون ڈے انٹرنیشنل اور 6 ٹیسٹ میچز کی میزبانی کر چکا ہے۔تینوں میچز دونوں ٹیموں کو اگلے ماہ یو اے ای میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے تیار ہونے کا موقع فراہم کررہے ہیں۔ جنوبی افریقہ میں منعقدہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گزشتہ ایڈیشن میں رنر اپ رہنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم دو برسوں میں دوسری مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ اپنے آخری دورے کے دوران جنوبی افریقہ نے وائٹ بال کی سیریز کھیلی تھی جس میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گئے تھے جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ تھے پاکستان نے کراچی میں ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو وائٹ واش کیا تھا۔
شائقین کو گراؤنڈ میں آنے کی ترغیب دینے کے لیے سٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا۔ تماشائیوں کو اسٹیڈیم کے اندر جانے کے لیے اپنا اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا ہوگا۔پاکستان میں شائقین اے سپورٹس پر ہائی ڈیفینیشن میں میچز دیکھ سکیں گے۔ پاکستان بھر کے ناظرین کے لیے لائیو سٹریمنگ پی سی بی کے آفیشل یوٹیوب چینل پر دستیاب ہوگی۔ ملتان سٹیڈیم پر سیریز کے اختتام پر جنوبی افریقہ کی ٹیم 21 ستمبر کو یو اے ای کے لیے روانہ ہوگی پاکستان ٹیم 23 ستمبر کو روانہ ہوگی۔
پاکستان کو ICC ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے گروپ اے میں آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے ساتھ ہے ۔ جنوبی افریقہ کو بنگلہ دیش، انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ رکھا گیا ہے۔سکاٹ لینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف 28 اور 30 ستمبر کو وارم اپ میچوں کے بعد پاکستان کا مقابلہ 3 اکتوبر کو شارجہ میں سری لنکا سے ہوگا، اس کے بعد 6 اکتوبر کو دبئی میں بھارت، 11 اکتوبر کو آسٹریلیا اور 14 کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلا جائے گا۔
فاطمہ ثناء نے ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی ٹریننگ میں سخت محنت کر رہی ہیں، اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز ہمارے لیے اگلے ماہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے خود کو اچھی طرح سے تیار کرنے کا بہترین موقع ہے۔ جنوبی افریقہ ایک مضبوط ٹیم ہے اور ان کے خلاف کھیلنا ہمیں دباؤ کے حالات میں اپنے کھیل کا اندازہ لگانے میں مدد دے گا۔ ہم خوبصورت ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں، خاص طور پر جب یہ اسٹیڈیم اپنی پہلی بین الاقوامی خواتین کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی میزبانی کر رہا ہے۔ پاکستان میں شائقین کی حمایت ہمیشہ ہی ناقابل یقین ہوتی ہے اور اسٹیڈیم میں مفت انٹری کے ساتھ یہ لوگوں کے لیے دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرنے کا اچھا موقع ہے۔
میچوں کا شیڈول
16 ستمبر ۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم (شام 7 بجے شروع )
18 ستمبر – دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل۔ ملتان کرکٹ سٹیڈیم (شام 7 بجے شروع )
20 ستمبر – تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ملتان کرکٹ سٹیڈیم ( صبح 10 بجے شروع )۔
فیس بک کمینٹ

