مظفرگڑھ: ( نمائندہ گردو پیش ) ڈپٹی ڈائریکٹرفوڈ ڈیرہ غازی خان فرحان مجتبیٰ نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرگڑھ عدیل احمد کے ہمراہ آٹا سیل پوائنٹس اور فلور ملز کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع مظفرگڑھ میں مختلف بے قاعدگیوں پر اب تک فلور ملوں کو مجموعی طور پر 12 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روزمیں مظفرگڑھ میں 2 ہوٹلوں میں سرکاری آٹا ضرورت سے زائد ذخیرہ کرنے پر ان کے مالکان کے خلاف ایف آئی آرز درج کرائی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مظفرگڑھ کاروزانہ آٹے کا کوٹا 207 میٹرک ٹن ہے۔ جبکہ ضلع بھر میں روزانہ آٹے کی پیداوار14490 ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرگڑھ عدیل احمد نے بتایا کہ مظفرگڑھ ضلع میں عوام کی سہولت کے لیے151 سیل پوائنٹس بنائے گئے ہیں جبکہ مظفرگڑھ شہرمیں فیاض پارک، سپورٹس گراؤنڈ، فیصل سٹیڈیم اور شیل پمپ نزد ڈی ایچ کیو ہسپتال پر میگا سیل پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ان سیل پوائنٹس کی نگرانی کیلئے فوکل پرسنز بھی مقرر کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلور ملز اور سیل پوائنٹس کے ذمہ داران کو الٹی میٹم دیا کہ عام مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضلع مظفرگڑھ میں آٹے کی کوئی قلت نہیں ہے اور آٹے کی سپلائی کو مانیٹرنگ کرنے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ خوراک مظفرگڑھ کے پاس وافر مقدار میں گندم سٹاک ہے اور محکمہ فوڈ کی جانب سے سرکاری گندم کی مکمل پسائی کے لیے ملزکی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
فیس بک کمینٹ

