دبئی : ایشیاکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا میچ کل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا جس میں دونوں ٹیمیں پہلی بار فائنل میں ٹکرائیں گی، تاہم دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدہ تعلقات کے باعث روایتی فوٹوشوٹ نہ کروائے جانے کا امکان ہے۔
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیاکپ 2025 کے آخری معرکے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پہلی بار مدمقابل ہوں گی۔
آئی سی سی کے کسی بھی ایونٹ کے فائنل سے قبل دونوں کپتان ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بنواتے ہیں، تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدہ تعلقات کے باعث کپتانوں کا ٹرافی کے ہمراہ روائتی فوٹو شوٹ نہ کرائے جانے کا امکان ہے۔
عام طور پر یہ فوٹو شوٹ فائنل سے ایک دن قبل کروایا جاتا ہے لیکن ٹورنامنٹ آرگنائزرز نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آج ایسا کوئی ایونٹ نہیں ہے البتہ کل میچ سے قبل اس کا حتمی فیصلہ ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلے جانے والے پاک-بھارت میچ کے بعد سوریا کمار یادو نے نہ صرف پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا تھا بلکہ انہوں نے پوسٹ میچ پریزنٹیشن اور پریس کانفرنس میں سیاسی بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’ آج کی جیت کو پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں، پاکستان کے خلاف بھارتی آرمی کے لیے ہماری طرف سے یہ تحفہ ہے‘۔
جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی سے شکایت کی تھی سوریا کمار یادو کے سیاسی بیانات آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے خلاف ہیں۔
جس پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی بھارت کے خلاف میچ کے دوران نصف سینچری بنانے والے صاحبزادہ فرحان کے جشن منانے کے انداز اور حارث رؤف کے تماشائیوں کی جانب اشاروں پر آئی سی سی میں شکایت کردی۔
بعد ازاں، آئی سی سی نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادو اور پاکستانی پیسر حارث رؤف کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 30،30 فیصد جرمانہ عائد کیا اور صاحبزادہ فرحان کو وارننگ دی گئی۔
ایشیاکپ 2025 میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی کی بات کی جائے تو بھارت اب تک ناقبل شکست رہی ہے اور وہ گروپ مرحلے سمیت سپر فور مرحلے میں بھی تمام میچز آسانی سے جیتنے میں کامیاب رہی، کل سری لنکا کے خلاف میچ سپر اوور تک تہ پہنچا تاہم سپر اوور میں بھارت نے ایک لنکن ٹائیگرز کو یکطرفہ شکست دی۔
( بشکریہ : ڈان نیوز )