ملتان: نشتر اسپتال کے مزید 2 ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔جب کہ پاکستان میں 24 گھنٹوں میں کورونا کے 336 کیسز سامنے آئے اور سات افراد ہلاک ہوئے ۔
صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) ڈاکٹر مسعود ہراج کا کہنا ہے کہ مزید 96 ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں جس میں دو ڈاکٹر اور 4 پیرا میڈکس میں کورونا کی تصدیق کی گئی ہے۔ ڈاکٹر مسعود ہراج نے بتایا کہ اب تک 15 ڈاکٹرز اور 10 پیرا میڈکس میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے، مزید 100 سے زائد ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کی رپورٹس کا انتظار ہے، مثبت رپورٹس آنے والے عملے کو طیب اردوان اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
گزشتہ روز بھی نشتر میڈیکل ملتان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا نے طبی عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 12 ڈاکٹرز اور 6 پیرا میڈکس میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔محکمہ صحت پنجاب نے اس حوالے سے تسلیم کیا ہے کہ طبی عملے کے پاس ناکافی حفاظتی کٹس تھیں جس کے باعث یہ لوگ کورونا کا شکار ہوئے۔
ادھر پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے تین سو 36 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد پانچ ہزار 374 ہوگئی ہے۔ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حکام کے مطابق سات ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جس سے مجموعی طور اموات کی تعداد 93 ہوگئی، جبکہ 44 کی حالت نازک بتائی جاری ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے اب تک 5 ہزار 374 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار 95 ہے۔
ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے تین ہزار 233 ٹیسٹ ہوئے جب کہ اب تک کل 65 ہزار 114 ٹیسٹ ہوئے ہیں۔کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہے جہاں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2594 ہو گئی ہے۔
صوبہ سندھ میں کورونا کے ایک ہزار 411 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 389 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صوبے میں اب تک 28 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے اور یہ تعداد دوسرے کسی بھی صوبے سے زیادہ ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا کے 744 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ صوبے میں 25 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 131 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
بلوچستان میں کورونا وائرس کے 230 مریض سامنے آئے ہیں جب کہ صوبے میں وائرس سے صرف ایک ہلاکت ہوئی ہے جب کہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 95 ہے۔گلگت بلتستان میں 224 افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جب کہ علاقے میں 125 افراد صحت یاب اور تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 119 ہے جن میں سے 13 افراد صحت یاب ہوئے جب کہ ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
فیس بک کمینٹ