اسلام آباد : سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی مبینہ امریکی سائفر کے حوالے سے تیسری مبینہ آڈیو بھی لیک ہوگئی۔
مبینہ آڈیو لیک میں مبینہ طور پر اسد عمر کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’یہ جو ہم لیٹر والا اب کر رہے ہیں یہ ذ را ہفتہ، دس دن پہلے شروع کرنا چاہیے تھا۔’
مبینہ آڈیو لیک میں عمران خان کہہ رہے ہیں کہ ’اس لیٹر کا بہت بڑا یعنی جو ہم سوچ رہے ہیں کہ اس کا ساری دنیا میں اثر (امپیکٹ) چلا گیا ہے۔‘
سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو مبینہ طور پر کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’چین نے آفیشل بیان جاری کیا ہے، جس میں وہ ہمارے اندورنی معاملات پر مداخلت کرنے پر امریکا کی مذمت کر رہے ہیں۔‘
عمران خان مبینہ طور پر کہہ رہے ہیں کہ ’اسٹریٹجی (حکمت عملی) یہ ہے کہ پبلک تو ہمارے ساتھ لگ چکی ہے، اب پبلک کے پریشر سے ہم چاہتے ہیں (وی وانٹ) اب اتوار کو اس طرح ہائٹ پر پریشر ہو کہ جو بھی وہاں جائے گا اسمبلی میں، ووٹ دینے کے لیے، یعنی وہ برینڈڈ ہو فار لائف لیکن جو آج آپ نے برینڈ کرنا ہے نا، میر جعفراور میر صادق، دیکھو، آپ کو لوگوں کو اسپون فیڈ کرنا ہے، مائنڈز الریڈی فرٹائل گراؤنڈ بنی ہوئی ہے کہ ان کو آپ فیڈ کردیں گے، (لوگوں کے ذہن پہلے ہی زرخیز بن چکے ہیں)۔‘
یاد رہے کہ 28 ستمبر 2022 کو مبینہ طور پر پہلی آڈیو لیک ہوئی تھی جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کے ساتھ مبینہ امریکی سائفر کے حوالے سے گفتگو میں انہیں اس حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔
آڈیو کی ابتدا میں مبینہ طور پر عمران خان نے کہا کہ ’ہم نے بس صرف کھیلنا ہے اس کے اوپر، نام نہیں لینا امریکا کا، صرف کھیلنا ہے کہ یہ تاریخ پہلے سے تھی اس کے اوپر۔‘
گفتگو میں مبینہ طور پر اعظم خان نے کہا تھا کہ ’میں سوچ رہا تھا کہ یہ جو سائفر ہے میرا خیال ہے ایک میٹنگ اس پر کر لیتے ہیں، دیکھیں آپ کو یاد ہو تو سفیر نے آخر میں لکھا تھا ڈیمارش کریں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر ڈیمارش نہیں بھی دینا تو میں نے رات کو اس پر بہت سوچا کہ اس کو کس طرح کور کرنا ہے، ایک میٹنگ کرتے ہیں جس میں شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری خارجہ ہوں گے۔‘
( بشکریہ : ڈان نیوز )
فیس بک کمینٹ

