ماہ اپریل آتا ہے تو فکر قید ٗلفظ گونگے، سوچیں پابجولاں ہوجاتی ہیں
وقت کے قافلے شاید کہیں قیام نہیں کرتے رکنا ان کی شان نہیں ہر برس کانیا سورج طلوع ہوتا ہے تو پچھلے برس کے سارے کیلنڈر بیکار ہوجاتے ہیں کائنات کے ارتقاء سے یہ کھیل جاری ہے ۔ یہ برس بڑی مچھلیوں کی طرح ایک دوسرے کو نگلتے جارہے ہیں ۔اوقات کے یہ ماہ و سال مجرم لگتے ہیں ٗ طوفان لگتے ہیں ٗ سرخ آندھیاں لگتی ہیں جوہر چیز اپنے ساتھ بہاکر لے جاتے ہیں اور شاید یہ آندھیاں یہ طوفان وطن عزیز کا مقدر ہوکر رہ گئیں ہیں ۔ یہ آندھی یہ طوفان 4اپریل1979ء کو بھی آیا ۔
چی گویرا نے کہا تھا ’’مرنا عیب نہیں مگر ہمارے پیچھے ساتھی ماتمی جنازہ نہ اٹھائیں بلکہ آزادی کی جنگ کو مضبوط کریں جیسے سامراج اور اس کے پالتو کتوں کو خبر پڑی کہ انقلاب کیلئے جدو جہد کرنے والے سر کٹاتے ہیں جھکاتے نہیں ‘‘
وہ بھی اسی سفر کاراہی تھا
موت کو مارنا بہت بڑی فتح ہے
بہادر مائیں موت کو مارنے والی ایسے بیٹے صدیوں میں پیدا کرتی ہیں جو موت کو گلے لگا کے اپنے جینے کا حوصلہ دیں
تاریخ آج تک اپنے ماتم سے فارغ نہیں ہوسکی
تاریخ نہ مٹنے والی تاریخ جب منصور کو سولی پر لٹکایا گیا ایسی تاریخ جب بلاول کو چکی میں پیسا گیا ایسی تاریخ سرمد کی بھی ہے تو بھگت سنگھ کی بھی تاریخ شاہ عنایت کی بھی ہے تو آزادی کے ہیرو مقبول بٹ کی بھی ہے ۔ یہ تاریخ بے گناہ سزائیں کاٹنے والی سیاسی کارکنوں کی بھی ہے۔ ایسی ہی تاریخ میں اپنے قلم کے آنسو بہاتے ایک نام ذوالفقار علی بھٹو شہید لکھا ہے جس نے ایک ایسی پارٹی کی بنیاد رکھی جو کارکنوں کے لیے جلتے ہوئے انگاروں پر ننگے پاؤں چلنے کے برابر تھی نظریات کی پیٹھ پر برسنے والے کوڑوں نے اس کی گواہی دی
اُس نے کہا !
دنیا خوبصورت ہے اور میں اسے اسی طرح خیر باد کہوں گا ۔پھر اُس نے معمول کی طرح شیو بنائی ٹھیک ایک گھنٹہ بعد تیسری دنیا کا عظیم لیڈر آئین کی کمزور ترین دفعہ 109کے تحت تختہ دار پر جھولنے والا تھا
اُس نے حلفاً کہا نواب محمد احمد خان کے قتل سے میرا کوئی تعلق نہیں مگر سفید ہاتھی اُس کی جان کے درپے تھا
اقبال ؒ کے بیٹے جاوید اقبال بھی منصفوں کے اُس پینل میں تھے جنہوں نے فخر ایشیا کی موت کے خلاف اختلافی نوٹ لکھا جاوید کہتے ہیں میں نے خواب دیکھا بھٹو کہہ رہے ہیں میں بے گناہ ہوں
خواب تو الہام ہوتا ہے میں کیسے اس سچائی کی نفی کرتا میرا ایک دوست صحافی راجہ اعجاز مرحوم جو ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کے خلاف سنائے جانے والے فیصلے کا چشم دید گواہ ہے کہتا
اُس روز لائٹ بلیو لباس میں ملبوس عدالت کے کٹہرے میں کھڑا تیسری دنیا کا عظیم لیڈر فیصلہ سنانے سے قبل کہہ رہا تھا
مجھے قاتل اور مقتول کے گرد گھومنے والی کہانی کے تناظر میں نہ دیکھا جائے میری ایک جیب میں کشمیر کا حل موجود ہے اور دوسری جیب میں اسلامی دنیا کے اتحاد کا ٹھوس منصوبہ
مولانا ابوالکلام آزاد ؒ نے سچ کہا تھا
’’عدالتی ناانصافیوں کی فہرست بڑی طولانی ہے تاریخ آج تک اس کے ماتم سے فارغ نہ ہوسکی ہم اس میں حضرت مسیح جیسے پاک انسان کو دیکھتے ہیں جو اپنے عہد کی اجنبی عدالت کے سامنے چوروں کے ساتھ کھڑے کیئے گئے ہم کو اس میں سقراط نظر آتا ہے جس کو صرف اس لیئے زہر کا پیالہ پینا پڑا کہ وہ اپنے ملک کا سب سے سچا انسان تھا ‘‘
ماضی میں سفیدہاتھی کے معتوب بنی گالہ کے قیدی عظیم سائنسدان ڈاکٹر قدیر خان نے آمر وقت ضیاء کو لکھا ’’یقیناًبھٹو صاحب سے کچھ غلطیاں ہوئی ہوں گی لیکن پاکستان کی سلامتی کیلئے اُن کی بے پناہ خدمات کو سامنے رکھا جائے اور بھٹو کی پھانسی روک دی جائے
یہی اپریل کا مہینہ تھا جو ہر سال آتا ہے آج سے39 سال قبل بھی آیا
لیکن سوگوار چہرے کے ساتھ 1979ء میں وہ بدھ کاروز تھا اُس روز طلوع ہونے والا آفتاب فخر ایشیا کے بے گناہ لہو کی لالی لیکرطلوع ہوا اور ڈوبتے افق پر بھی یہی لالی اس کے چہرے پر تھی
موت کا کوئی تاثراُس کے چہرے پر نہیں تھا اس لیئے کہ وقت کے آمر سے اُس نے بھیک مانگنے سے انکار کردیا کسی نے کہا
بھٹو وہ تمہاری لاش کو گلیوں میں گھسیٹیں گے بھٹو ہنس پڑے
بے شک گھسیٹیں لیکن تاریخ میری لاش کو نہیں گھسیٹے گی
نصرت نے کہا زلفی !
زندگی کی خاطر وطن کو خیر باد کہہ دو! زنداں کے پیچھے موت سے بے خود زلفی مسکرا یا دھرتی توماں ہوتی ہے نصرت اور کون کم بخت نہیں چاہتا کہ وہ ماں کی آغوش میں دم توڑے ٹھیک ایک گھنٹے بعد گھڑی نے چار بجا دیئے پھر وہ باوقار چال سے پھانسی گھاٹ پہنچا موت کی تصدیق کرنے قریب کھڑے ڈاکٹر اور جلاد تارا مسیح کی سماعت سے مسلم ورلڈ کے لیڈر کے آخری الفاظ ٹکرائے ’’اے اللہ گواہ رہنا میں بے گناہ ہوں ‘‘
فیض تڑپ اُٹھا
اک گوہر نایاب گنوا بیٹھے ہو لوگو
کس شخص کو سولی پہ چڑھا بیٹھے ہو لوگو
سر شاہ نواز بھٹو کے عظیم سپوت نے قید زنداں میں اپنی بایؤ گرافی میں لکھا اگر مجھے قتل کیا گیا تو دنیا کی تاریخ بد ل جائے گی وقت نے اس سچائی کو ثابت کیا نائن الیون کا خود ساختہ واقعہ ہوا
اکسٹھ مسلم ریاستیں سمندر کی جھاگ کی طرح بے وزن ہو گئیں کرہ ء ارض پر ہر مسلمان معتوب ہوا اُس کی عزت نفس چھن گئی
فیس بک کمینٹ