واجد شمس الحسن انگریزی زبان کے صحافی ہیں۔ بھٹو خاندان سے ان کا قریبی تعلق رہا ہے۔ بے نظیر بھٹو نے اپنے دور حکومت میں انہیں برطانیہ میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا۔ حال ہی میں ان کی تصنیف ”بھٹو خاندان میری یادوں میں‘‘ شائع ہوئی ہے۔ اس میں سے کچھ اقتباسات قارئین سے شیئر کیے جا رہے ہیں۔
شملہ روانگی سے پہلے لاہور ایئر پورٹ سے جب جہاز انڈیا کے شہر چندی گڑھ جانے کے لیے اُڑا تو کچھ دیر بعد بھٹو صاحب جہاز میں موجود صحافیوں اور دیگر سرکاری افسران کے پاس آئے۔ انہوں نے سب کو مخاطب کر کے کہا کہ ہم ہندوستان جا رہے ہیں۔ ہمارے نوّے ہزار فوجی وہاں قید ہیں۔ پاکستان ٹوٹ گیا ہے۔ مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بن گیا ہے۔ بھٹو صاحب کے ساتھ جانے والے وفد میں زیادہ تر صحافیوں اور آفیشلز کا تعلق پنجاب سے تھا۔ بھٹو صاحب نے کہا کہ آپ کا تعلق زندہ دلان پنجاب سے ہے۔ آپ جہاز سے اترنے کے بعد وہاں لوگوں سے جپھیاں نہیں مارو گے‘ میں نہیں چاہتا کہ آپ کے چہروں سے یہ ظاہر ہو کہ آپ بڑے خوش ہیں یا آپ کو کوئی شرمندگی ہے۔ آپ کے ملنے کے انداز اور گفتگو سے یہ تاثر پیدا ہونا چاہیے کہ آپ ان سے ناراض ہیں۔ آپ انڈیا کے لوگوں سے ملتے وقت جوش و خروش نہیں دکھائیں گے۔ آپ کی کسی بات سے یہ محسوس نہیں ہونا چاہیے کہ آپ ان کے آگے جُھک گئے ہیں اور آپ نے شکست تسلیم کر لی ہے۔ دوسری بات انہوں نے یہ کہی کہ مجھے معلوم ہے آپ میں سے اکثریت کی بیگمات نے انڈین ساڑھی کی فرمائش کی ہو گی‘ میں نہیں چاہتا کہ کوئی ایک بھی شخص وہاں سے انڈیا کی ساڑھی لے کر آئے۔ میں چاہوں گا کہ 1971 کی جنگ اور بنگلہ دیش کے حوالے سے جو بھی کتابیں ملیں وہ خرید لیں۔ کسی کو کتابیں خریدنے کے لیے پیسے چاہییں تو مجھ سے لے لیں۔ انڈیا میں اس جنگ کے حوالے سے بہت کچھ لکھا گیا ہے۔ آپ کو جو بھی کتاب انڈیا اور پاکستان کی جنگ کے حوالے سے ملے یا بنگلہ دیش میں کیا ہوا اور کیوں ہوا، وہ کتابیں ضرور خریدیں۔ واپسی پر آپ اپنے ساتھ صرف کتابیں لا سکتے ہیں۔ میں نے لاہور ایئر پورٹ پر ہدایت کر دی ہے کہ جو لوگ میرے ساتھ واپس آئیں، ہر مسافر کے سامان کی تلاشی لی جائے۔ مجھے پتہ چل جائے گا کہ کون کیا چیز لایا ہے۔ آپ جہاں ٹھہریں گے، ہر کمرے میں کیمرہ ہو گا۔ ایسی کوئی بات مت کیجیے گا جس سے ملک کی بدنامی ہو۔ ایسی کوئی حرکت مت کیجیے گا جس سے آپ کی عدم سنجیدگی ظاہر ہو، اگر کوئی اہم بات کرنی ہو تو اپنے کمرے سے باہر آئیے گا اور لان میں ٹہلتے ہوئے بات کیجیے گا۔ کمرے میں ضروری بات کرنی ہو تو لکھ کر بات کیجیے گا۔
………
میں سمجھتا ہوں حسین شہید سہروردی کے ساتھ ہم نے کوئی اچھا سلوک نہیں کیا۔ ہم نے ان کے ساتھ زیادتی کی۔ ایوب خان نے انہیں گرفتار کر کے کراچی سنٹرل جیل میں قید کر دیا تھا۔ سہروردی صاحب نے ایوب خان کو جیل سے خط لکھا کہ تم نے مجھے گرفتار کر کے بہت بڑی غلطی کی ہے۔ مجھے گرفتار کر کے تم ملک کو نقصان پہنچا رہے ہو۔ میں آخری لیڈر ہوں جو مشرقی اور مغربی پاکستان کے درمیان پُل کا کردار ادا کر سکتا ہوں۔ مشرقی پاکستان کے لوگ میری بات مانتے ہیں۔ اگر تم نے مجھے مار دیا تو پاکستان کا بچنا مشکل ہو جائے گا۔ ایوب خان نے سہروردی کی بات پر کوئی توجہ نہ دی بلکہ انہیں علاج کی غرض سے زبردستی بیرون ملک بھیج دیا جہاں وہ بیروت میں اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے۔
………
شیخ مجیب کے چھ نکات کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں‘ لیکن ایک اہم وجہ 1965 کی جنگ تھی۔ اس جنگ کے دوران شیخ مجیب اور دیگر بنگالی لیڈروں نے یہ سمجھ لیا تھا کہ وہ بے یارومددگار ہیں۔ ان کا کوئی دفاع کرنے والا نہیں تھا۔ مشرقی پاکستان لا وارث تھا۔ اس چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے انہوں نے چھ نکات وضع کیے۔ 1962 میں اس وقت کے چیف جسٹس منیر نے مشرقی پاکستان سے واپس آنے کے بعد ایوب خان سے کہا کہ ہمارا فیڈریشن اس شکل میں نہیں چل سکتا… ‘ایوب خان نے کہا کہ آپ بنگالی لیڈروں سے بات کریں۔ انہوں نے مولانا تمیزالدین سمیت مشرقی پاکستان کے سینئر لیڈروں سے بات کی۔ بنگالی رہنماؤں نے بڑے تلخ لہجے میں چیف جسٹس منیر کو جواب دیا کہ ہم اکثریت میں ہیں۔ اگر آپ الگ ہونا چاہتے ہیں تو الگ ہو جائیں۔ یہ سارا واقعہ انہوں نے اپنی کتاب Jinnah to Zia میں لکھا ہے۔
………
اس جنگ میں امریکی صدر نکسن کا بڑا منفی کردار تھا۔ اگر امریکہ چاہتا تو وہ یحییٰ خان کو مجبور کر سکتا تھا کہ وہ اقتدار مجیب الرحمن کے سپرد کر دے۔ اس وقت یحییٰ خان امریکہ کے لیے بہت اہم رول ادا کر رہے تھے۔ امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر جب پہلی بار چین گئے تو پاکستان سے ہو کر گئے تھے۔ یہ دورہ بہت خفیہ رکھا گیا تھا۔ ان باتوں کی وجہ سے امریکہ نے یحییٰ خان کو سب کچھ کرنے کی کھلی چھٹی دی ہوئی تھی۔ جس کے نتیجہ میں ملک دولخت ہو گیا۔
………
امریکی صدر ریگن پاکستان میں جنرل ضیاالحق کے مارشل لا کی حمایت کرتے تھے اور چلی میں جنرل Pinochet کی مخالفت کرتے تھے۔ ریگن نے چلی میں مارشل لا کی مخالفت کرتے ہوئے کہا:
Martial law is war against people
ہم نے اسے اخبار کی سرخی بنایا جس پر بڑا ہنگامہ ہوا۔ انفارمیشن والے سمجھے کہ یہ ہم نے جنرل ضیاالحق کے لیے لکھا ہے۔ ہم نے کہا کہ ہم نے چلی کے مارشل لا کے بارے میں لکھا ہے۔ بہت بحث ہوئی۔ انفارمیشن والے سمجھ گئے تھے کہ ہم نے شرارت کی ہے۔ انہوں نے چلی کی اور جنرل پنوشے کی خبریں فرنٹ پیج پر چھاپنے پر پابندی لگا دی اور کہا کہ اندر کے صفحات پر سنگل کالم خبر لگا کرے گی۔
………
سکاٹ لینڈ یارڈ والے قاتل کو پکڑنے، قتل کی تحقیقات کرنے کے بجائے اس بات کی تحقیق کرتے رہے کہ بے نظیر بھٹو کا قتل کس ہتھیار سے ہوا ہے۔ میں نے ایس کے وائی ٹیلیوژن پر کہا کہ میں اس انکوائری کو نہیں مانتا۔ کچھ دیر بعد رحمن ملک کا فون آیا کہ سر آپ کیا باتیں کر رہے ہیں‘ آپ یہ باتیں نہ کریں۔ آصف زرداری صاحب نے کہا ہے کہ میں آپ سے اس سلسلے میں بات کروں۔ رحمن ملک کے فون کے کچھ دیر بعد آصف زرداری کا فون آیا۔ میں نے ان سے کہا کہ میں نے رحمن ملک کو وہی جواب دیا جو میں بہتر سمجھتا ہوں‘ کسی کے منع کرنے سے نہیں رکوں گا۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کی رپورٹ کو میں نہیں مانتا۔ آصف زرداری نے کہا کہ مجھے بھی یہ تحقیقات قبول نہیں ہے۔ میں نے کہا کہ رحمن ملک نے مجھ سے کہا ہے کہ آپ سکاٹ لینڈ یارڈ کی تحقیقات کے بارے میں کوئی تبصرہ نہ کریں۔ آصف زرداری نے کہا کہ واجد بھائی! آپ کب سے رحمن ملک کی بات سننے لگے۔ میں نے کہا: آپ بھی منع کریں گے تب بھی میں اپنی بات کروں گا۔ آصف زرداری نے کہا : میں کیوں منع کروں گا‘ میں تو چاہتا ہوں کہ محترمہ کے قاتلوں کی تہہ تک پہنچا جائے
………
میں سمجھتا ہوں کہ ہماری طرف سے کوتاہی ہوئی ہے۔ پاکستان میں جب ہماری حکومت تھی تو محترمہ کے قتل کی فوری طور پر تحقیقات ہونی چاہیے تھی۔
( بشکریہ : روزنامہ دنیا )
فیس بک کمینٹ